263

25، 26 یا 27 جولائی، صدر مملکت عام انتخابات کی تاریخ کا جلد اعلان کریں گے

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئےجولائی کی تین تاریخیں تجویز کر تے ہوئے عام انتخابات کی تاریخ کے لئے سمری صدر مملکت کو بھجوادی۔

سینیٹ کی پارلیمانی کمیٹی کو بریف کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری ظفر اقبال نے کہا کہ عام انتخابات 25 ،26 اور 27 جولائی کو ہوں گے تاہم حتمی فیصلہ صدر ممنون حسین کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں فوج کی تعیناتی کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کیلئے 85 ہزار پولنگ سٹیشن جبکہ دولاکھ 85 ہزار سے زائد پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی ماتحت عدلیہ کے جوڈیشل افسران سے کی جائے گی۔

ایڈیشنل سیکرٹری کے مطابق انتخابات میں رزلٹ منیجمنٹ اور رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم استعمال کیے جائیں گے اور پولنگ عملے کے بے ضابطگیوں میں ملوث ہونے پر انہیں سزا جبکہ امیدوار کیخلاف شکایت پر اسے انتخابی عمل سے باہر اور 50 ہزار روپے تک جرمانہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 50 اور 51 کے تحت کمیشن نے رجسٹرار ہائی کورٹس سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور سول ججز کی فہرستیں بھی مانگی تھیں۔

ہائیکورٹس کی طرف سے فراہم کی گئی فہرستوں کے مطابق جوڈیشل افسران کو عام انتخابات 2018 میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر تعینات کیا جائے گا۔

 فہرستوں کی بروقت فراہمی پر الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس ہائیکورٹس کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں