288

پراجیکٹ ڈائریکٹر چترال یونیورسٹی کی کوششوں سے سکالر شپ پروگرام کے تحت کالاش طلباء کو دی جانے والی تعلیمی وظائف سے اقلیتی طلبہ کو تعلیم کا حوصلہ ملا ہے؍وزیرزادہ

چترال ( محکم الدین ) کالاش کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان رہنما وزیر زادہ نے چترال یونیورسٹی میں زیر تعلیم کالاش طلبہ کو تعلیمی وظائف دینے پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور پراجیکٹ ڈائریکٹر چترال یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اور اسے اقلیتی طلباء میں فروغ تعلیم کیلئے اہم سنگ میل قرار دیا ہے ۔ اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ۔ کہ کالاش کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات مالی مشکلات کی بنا پر تعلیم سے محروم رہتے ہیں ۔ جن کی حکومتی سطح پر مالی مدد کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر چترال یونیورسٹی کی کوششوں سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا اسٹوڈنٹس سکالر شپ پروگرام کے تحت کالاش طلباء کو دی جانے والی تعلیمی وظائف سے اقلیتی طلبہ کو تعلیم کا حوصلہ ملا ہے ، خصوصا اُن مایوس طلباء وطالبات کو چترال یونیورسٹی میں داخلے کی امید پیدا ہو گئی ہے ۔ جو مالی وسائل کی کمی کے باعث تعلیم ادھوری چھوڑنے پر مجبور تھے ۔ وزیر زادہ نے کہا ۔ کہ کالاش قبیلے کے بچے بچیوں میں تعلیم کے ساتھ دلچسپی بدرجہ اتم موجود ہے ۔ صرف طلبہ کو حکومت کی طرف سے سپورٹ کی ضرورت ہے ۔ قبیلے کے لوگ تعلیم کی اہمیت سے باخبر ہو چکے ہیں ۔ اور وہ اپنے بچوں کو تعلیم کی دولت سے بہراور کرنے میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے موجودہ صوبائی حکومت کی طرف سے طلبہ کو تعلیمی وظائف دینے ،کالاش ویلیز میں گرلز ہائرسکینڈری سکول ، گرلز ہاسٹل ، اور دیگر سکولوں کی تعمیر پر صوبائی حکومت اور وزیر اعلی پرویز خٹک کا شکریہ ادا کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں