362

حفیظ سرکارکی مظاہرین پر غنڈہ گردی قابل مذمت ہے/سعدیہ دانش

استور (شمس الرحمن شمس ) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے حفیظ سرکار کی غنڈہ گردی پالیسی کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں اس طرح سے عوام نے سینکڑوں مرتبہ احتجاج کیا ہے مگر ہم نے مذاکرات کے ذریعے حالات کو کنٹرول کرنے کی کوشش کیا مگر حفیظ سرکار نے عوام پر جس طرح سے شیلنگ اور گولہ باری کی ہے پیپلز پارٹی سختی سے مسترد کرتی ہے انہوں نے مزید کہا گلگت بلتستان آرڈر 2018 علاقے کی شناخت پر سرجیکل سٹرائیک کے مصداق ہے۔حفیظ سرکار نے جان بوجھ کر گلگت بلتستان کے تمام تر عوامی اختیارات وزیر اعظم کے حوالے کر دئے۔2009 میں جب آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کے عوام کو نیم آئینی,انتظامی اور قانون سازی کے اختیارات سونپے تب سے یہ اختیارات حفیظ الرحمٰن کو کھٹک رہے تھے اور انہوں نے قاتل پیکیج کا نام دیا تھا بلاخر وہ اپنی سازشوں میں کامیاب ہو گئے اور گلگت بلتستان کے

عوام سے تمام اختیارات چھین کر ان کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے۔اس فیصلے کا نفاذ گلگت بلتستان کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔دنیا بھر کے جمہوری ممالک میں اس طرح کی بے اختیار اسمبلی کی کہیں بھی مثال نہیں ملتی۔یہ پیکیج ضیاالحق کے گماشتوں کی ذہنی پراگندگی کا آئینہ دار ہے۔گلگت بلتستان کے عوام میں یہ شعور اجاگر ہوچکا ہے کہ نواز لیگ گلگت بلتستان کے عوام کی ہمدرد نہیں بلکہ غداری کی مرتکب ہوئی ہے۔اسطرح کی بے اختیار اسمبلی کا وجود گلگت بلتستان کے عوام کے وقت اور وسائل کے ضیاع سے زیادہ کچھ نہیں ہوگا۔گلگت بلتستان کے عوام کی ستر سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنے کے بجائے اضافہ کیا گیا ہے۔ نواز لیگ کی وفاقی حکومت نے اپنے دور کے اختتام سے چند روز قبل ان ترامیم کے ذریعے وفاق پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کی ہے۔گلگت بلتستان کے عوام متفقہ طور پر ان غیر آئینی اور غیر جمہوری ترامیم کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں