260

ایم ایم اے کی طرف سے صوبائی یا قومی اسمبلی کوئی بھی نشست ملنے پرجماعت اسلامی کامشترکہ امیدوارحاجی مغفرت شاہ ہوں گے؍پارٹی ذرائع

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ کا نام جماعت اسلامی کی طرف سے آنے والے عام انتخابات کے لئے فائنل ہوگئی جوکہ ایم ایم اے کی طرف سے صوبائی یا قومی اسمبلی کوئی بھی نشست ملنے کی صورت میں ایم ایم اے کا مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ پارٹی کے اندرونی معتبر ذرائع کے مطابق اس بات کا فیصلہ گزشتہ دن پارٹی کا ضلع کی سطح پر سب سے با اختیار ادارہ ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں طے پایا جہاں 80فیصد کے لگ بھگ ارکان نے خفیہ رائے دہی کے ذریعے مغفرت شاہ کا نام پیش کیاجبکہ باقی 20فیصد رائے سابق ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی اور دوسرے پانچ مختلف امیدواروں کے حق میں آگئے۔ ذرائع نے کہاکہ اجلاس کے شرکاء کی اکثریت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایم ایم اے کی صورت میں جماعت اسلامی کو قومی یا صوبائی اسمبلی کی صرف ایک نشست مل سکتی ہے اور اس کے لئے ایک ہی امیدوار کا چناؤ اور اس پر توجہ مرکوز کرنا ناگزیر ہے اور موجودہ حالات میں ضلع ناظم سے بہتر کوئی اپشن نہیں ہوسکتا ۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ پارٹی کی ضابط کار کے مطابق صوبائی اور مرکزی جماعت ضلعی مجلس شوریٰ کے فیصلے کو اپناتے ہیں اور ا بھی تک اس فیصلے کو رد کرنے کی کوئی نظیر سامنے نہیں ہے ۔ اندرونی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ مجلس شوریٰ کے اجلاس کی فیصلے کوا میرضلع مولانا جمشید احمد نے صوبائی جماعت کو توثیق کے لئے بھیج دی گئی ہے جس کی روشنی میں نام کا باضابطہ اعلان چند دنوں کے اندر صوبے کے دیگر اضلاع کے ساتھ کردیا جائے گا۔ دریں اثناء ضلع ناظم کا نام الیکشن کے لئے سامنے آنے پر مختلف سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں میں کی نامزدگیوں پر نظر ثانی کی خبریں آرہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں