254

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا الیکشن شیڈول جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عام انتخابات 25 جولائی 2018 کو ہوں گے اور قومی اسمبلی کے علاوہ تمام صوبائی حلقوں میں بھی پولنگ 25 جولائی کو ہوگی۔شیڈول کے مطابق 2 سے 6 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے جبکہ امیدواروں کی عبوری فہرست 7 جون کو جاری ہوگی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جون تک کی جائے گی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 19 جون تک اپیلیں دائر کرسکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست 27 جون کو شائع کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ امیدوار 28 جون تک کاغذات واپس لے سکیں گے جس کے بعد امیدوارں کو 29 جون کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے۔بعدازاں میڈیا نمائندوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بابر یعقوب نے کہا کہ انتخابی شیڈول جاری کرنا آئینی تقاضہ ہے اور ہمیں کسی بھی ادارے نے انتخابی شیڈول جاری کرنے سے نہیں روکا۔انہوں نے بتایا کہ بیلٹ پیپر کا کاغذ فرانس اور برطانیہ سے منگوایا ہے جبکہ آدھا کاغذ کراچی اور آدھا اسلام آباد میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ فوج کی تعیناتی سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور نگراں حکومتیں آنے کے بعد ان سے مشاورت کی جائے گی البتہ بیلیٹ پیپر فوج کی نگرانی میں چھاپے جائیں گے۔واضح رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین نے 25 جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابات کرانے کی منظور دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں