491

جماعت اسلامی کی طرف سے قومی اسمبلی کے لئے مولانا عبدالاکبر چترالی کو نامزد کرنے کا فیصلہ

چترال(محکم الدین)باوثوق ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی نے 2018کے عام انتخابات کیلئے اپنی طرف سے قومی اسمبلی کے لئے صوبائی راہنماء مولانا عبدالاکبر چترالی کو امیدوار کے طور پر کنفرم کر لیا ہے اور اس طرح سابق رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کی طرف سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال کیلئے امیدوار ہونگے۔ اس حوالے سے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے اہم راہنماء و سابق رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی کو پہلے ہی جماعت اسلامی کی طرف سے نامزد کرنے کا فیصلہ ہوا تھا تاہم ایم ایم اے کے قیام کے بعد قومی اور صوبائی سیٹوں کی تقسیم کے فیصلے کا انتظار تھا اور ایم ایم اے میں سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے کے تحت چترال سے قومی اسمبلی کی نشست جماعت اسلامی کو ملنے کے بعد اس سیٹ کے لئے جماعت اسلامی کی طرف سے مولانا عبدالاکبر چترالی ایم ایم اے کے متفقہ امیدوار ہونگے۔ جماعت اسلامی کی قیادت کی طرف سے اوکے سگنل ملنے کے بعد مولانا عبدالاکبر چترالی اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لئے پشاور سے چترال ہوگئے ہیں اور ہفتہ یا اتوار کے روز کاغذات نامزدگی داخل کرینگے۔متحدہ مجلس عمل کی طرف سے صوبائی اسمبلی کی نشست جمعیت علماء اسلام کو ملی ہے تاہم جے یو آئی کی طرف سے اس سیٹ پر ابھی تک کوئی نامزدگی نہیں ہوئی البتہ توقع ہے کہ اگلے ایک دو روز میں جمعیت علماء اسلام بھی اپنے امیدوار کا حتمی اعلان کریگی۔ جے یو آئی کے اندرونی ذرائع کے مطابق صوبائی نشست کے لئے جے یو آئی کی طرف سے مولانا عبدالشکور، سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن، مولانا حسین احمد اور پشاور میں مقیم جے یو آئی کے سرگرم راہنما ء مولانا شیر کریم شاہ نے درخواست جمع کرائے ہیں ۔
درین اثنا مولانا عبد الاکبر چترالی کی نامزدگی کے بعد جماعت اسلامی کی طرف سے ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ کی طور ممکنہ امیدوار الیکشن میں حصہ لینے کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔ مولانا عبدالاکبر چترالی کو قومی اسمبلی کے لئے نامزد کرنے کا عندیہ پچھلے سال جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سنیٹر سراج الحق نے اپنے دورہ دروش کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کے دوران بھی دیا تھا۔ تاہم اس سلسلے میں ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ بھی بھرپور لابنگ میں مصروف رہے حتیٰ کہ جماعت اسلامی کے ضلعی شوریٰ نے انکے نام کی منظوری بھی دیکر مقامی میڈیا کو خبر جاری کی تھی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل اس حوالے سے چترال پوسٹ میں ایک نیوز رپورٹ شائع ہوئی تھی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ قومی اسمبلی کی نشست جماعت اسلامی کو مل رہی ہے اور اس پر مولانا عبدالاکبر چترالی کی نامزدگی کنفرم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں