191

جسٹس دوست محمد کو خیبر پختونخوا کا نگران وزیر اعلیٰ منتخب کر لیا گیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)جسٹس(ر)دوست محمد خان کو نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے کے لیے منتخب کرلیا گیاخیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں کوئی فیصلہ نہ ہونے پر2 روز قبل یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔آج چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی صدارت میں الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن حکام نے پریس کانفرنس کے دوران نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے طور پر جسٹس (ر) دوست محمد خان کے نام کا اعلان کیا۔واضح رہے کہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے 4 نام سامنے آئے تھے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بیوروکریٹس حمایت اللہ خان اور اعجاز احمد قریشی کے نام دیئے تھے جبکہ تحلیل شدہ صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمٰن نے بزنس مین منظور خان آفریدی اور جسٹس (ر) دوست محمد خان کے نام تجویز کیے تھے۔
جسٹس دوست محمد 1953میں خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے بنوں سے گریجویشن اور پھر کراچی سے وکالت کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد بنوں میں ہی وکالت کی پریکٹس شروع کی اور بنوں بار اور پھر پشاور ہائی کورٹ بار کے صدر بنے۔
2002 میں وہ پشاور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج بنے اور 2003 میں پشاور ہائی کورٹ کے مستقل جج کے طور پر حلف اٹھایا جبکہ 2011 میں انہیں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس تعینات کیا گیا۔دوست محمد خان 2014 میں سپریم کورٹ کے جج بنے اور 19 مارچ 2018 کو مدت پوری کرکے ریٹائر ہوگئے۔
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے انہوں نے ڈرون حملوں، سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو تاحیات ناہل قرار دینے، خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کے معاہدوں اور لاپتہ افراد کے بہت سارے کیسز پر فیصلے دیئے۔خیبر پختونخوا میں موبائل کورٹس اور پشاور ہائی کورٹ میں ہیومن رائٹس ڈائریکٹوریٹ کا قیام بھی جسٹس دوست محمد کے دور میں عمل میں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں