چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) چترال کے سینئر قانون دان عبدالولی خان عابد ایڈوکیٹ پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کرپاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا اور عمران خان کی دھرنے کی سیاست سے ملک کو پہنچنے والی نقصان اور خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی مایوس کن کارکردگی اور نیا پاکستان کے کھوکھلے نعروں اور عمران خان کی طرف سے پارٹی کارکنوں کو عزت نہ دینے کو انہوں نے پارٹی کی بنیادی وجوہات قرار دے دی۔ اپنے سینکڑوں حامیوں کی معیت میں چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے عالمی استعماری قوتوں کے دباؤمیں آئے بغیر ایٹمی دھماکہ کرکے ملک کی دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا اور جب بھی اقتدار سنبھال لی تو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی مخلصانہ کوشش کی جبکہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران چترال میں ریکارڈ تعداد میں ترقیاتی کام کروائے جن میں لواری ٹنل پراجیکٹ اور گولین گول ہائیڈروپاؤر پراجیکٹ کی تکمیل، سڑکوں کے کئی منصوبے شروع کروائے جن کی وجہ سے وہ ان کے جماعت میں غیر مشروط طور پر شامل ہورہے ہیں۔