248

پولوا یسوسی ایشن چترال کے صدر شہزادہ سکندر الملک کا گلگت بلتستان کے ایک مقامی اخبارمیں شندور فیسٹول سے متعلق شائع شدہ خبر کے بعض حصوں کی تردید

پولوا یسوسی ایشن چترال کے صدر شہزادہ سکندر الملک نے گلگت بلتستان کے ایک مقامی اخبارمیں شندور فیسٹول سے متعلق شائع شدہ خبر کے بعض حصوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں شندور میں چترال کی ضلعی انتظامیہ اور گلگت بلتستان کے حکام کے درمیان جشن شندور کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں متفقہ فیصلہ ہوا تھاکہ خیبر پختونخوا ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کی مالی معاونت سے اس فیسٹول کا انتظام و انصرام ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال ، چترال سکاوٹس اور پولیس کرے گی جبکہ سیکیورٹی کے انتظامات میں گلگت بلتستان پولیس کو بھی شامل کیا جائے گا۔ جمعرات کے دن جاری کردہ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہاہے کہ 1982ء سے اس فیسٹول کے لئے فنانسنگ کا کام اس صوبے کا ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کرتا رہا ہے جوکہ اب بھی جاری ہے جبکہ اس کا انتظام ضلعی انتظامیہ کے ہاتھ میں رہا ہے جسے چترال سکاوٹس کی مدد حاصل رہی ہے اور اس سال بھی یہ سلسلہ برقرار رہے گا۔ شہزادہ سکندر الملک نے کہاکہ فیسٹول میں مہمان خصوصی کے حوالے سے بھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا لیکن اخبار نے اس بارے میں غلط بیانی کی ہے۔ شہزادہ سکندر الملک نے زور دے کرکہاکہ جشن شندور چترال اور گلگت بلتستان کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور ان میں اخوت کے جذبے کو پروان چڑہانے کا اہم ذریعہ ہے اور اس موقع کو اختلافات کو ہوا دینے کے لئے استعمال ہرگز نہیں کرنی چاہئے اور ایسے بے سروپا خبروں کی اشاعت سے غلط فمہیاں جنم لیں گے جوکہ دونوں علاقوں کے مفادات کے خلاف ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں