230

سی پیک جیسے عظیم الشان منصوبے سے پاکستان کو بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت

(اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ سی پیک جیسے عظیم الشان منصوبے دنیا کی تاریخ میں کم ہیں جس سے پاکستان کو بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔چین اور امریکہ کے مابین تجارتی جنگ سے پاکستان پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا مگر اسکی اہمیت میں کافی اضافہ ہو جائے گا۔

بدھ کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی ، اضافی دفاعی صلاحیت،بہتر داخلی سیکورٹی، محاصل میں بڑھوتری اور بین الاقوامی ساکھ کا ضامن ہے جو بھارت اور امریکہ سمیت کئی ممالک کو قبول نہیں۔سی پیک سے پاکستان کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے اور خودکفالت کا سفر آسان ہو جائے گا جبکہ علاقائی سیاست کا منظر نامہ تبدیل ہو جائے گا۔

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ سی پیک سے پاک چین تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ رہے ہیں اور اس منصوبے سے پاکستان کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ اور غربت میں کمی ممکن ہو جائے گی جبکہ خطے میں چین کے اثر رسوخ میں اضافہ ہو گا جبکہ بھارت کی پوزیشن کمزور ہو جائے گی جو اس خطے کی سیاست میں اہم تبدیلی ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں