349

سب ڈویژن مستوج کے عوام کو بجلی سے محروم رکھنا ایک گھناؤنے سازش کا نتیجہ ہے/سابق ایم پی اے سیدسردارحسین شاہ

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) چترال سے صوبائی اسمبلی کے سابق رکن اور پی پی پی کے سینئر رہنما سید سردار حسین شاہ نے اپر چترال کے علاقوں میں پیڈو کی طرف سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو بلا جواز اور ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ گولین گول بجلی گھر سے بجلی کی وافر مقدار کی دستیابی کے باوجود سب ڈویژن مستوج کے عوام کو بجلی سے محروم رکھنا ایک گھناؤنے سازش کا نتیجہ ہے جس کا مقصد علاقے میں امن وامان کی آئیڈئیل صورت کو خراب کرنے کے علاوہ کچھ نہیں۔ اتوار کے روز جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو دنوں سے بجلی کی مسلسل بندش سے اپر چترال میں کاروبار زندگی متاثر ہوکر رہ گئی ہے کیونکہ صارفین نے سولر سسٹم ا ور جنریٹر کا نظام گولین گول بجلی گھر سے بجلی کی ترسیل کے ساتھ ختم کردیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ موسم گرما کی وجہ سے مستوج سب ڈویژن کے طول وعرض میں واقع ہزاروں دکانوں میں کولڈ ڈرنک ، آئس کریم اور دوسرے مصنوعات خراب ہوگئے جس سے مجموعی طور پر کروڑوں روپے کی نقصان غریب دکانداروں کو لاحق ہوگئی جوکہ تین سال پہلے سیلاب اور زلزلے سے معاشی بدحالی کا شکار ہوئے تھے۔ انہوں نے خبر دار کرتے ہوئے کہاکہ اگربلا جواز لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ کیا گیا تو اس کا بھیانک نتیجہ برامد ہوگا کیونکہ عوام سڑکوں پر نکل آنے پر مجبور ہوں گے۔ سابق ایم پی اے نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیاکہ دکانداروں کی نقصان کی تلافی بھی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں