46

پاکستان تحریک انصاف برادری ازم، ذات پات اور دوسرے تعصبات سے مبرا وفاق پسند سیاسی جماعت ہے۔ عبدالطیف

پاکستان تحریک انصاف چترال سمیت پورے ملک سے نسلی ونصبی ، ذات پات اور مسلک و مذہبی تعصبات سے مبراء ایک وفاق پسند سیاسی جماعت ہے ، جو ملک میں ترقی پسندی اور امن و خوشحالی کے لئے سرگرم عمل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف چترال کے امیدوار عبدالطیف نے چترال پولو گراونڈ میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگ لوٹکوہ اوراپر چترال میں پی ٹی آئی کے بارے میں منفی پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں کہ شاید وہ اسماعیلی کمیونٹی کو اقلیت قرار دے رہے ہیں ۔ اس قسم کا پروپیگنڈہ پھیلانے والے اپنی ڈوبتی  کشتی کو بچانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ عبدالطیف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کسی مخصوص مسلک، علاقہ یا ذات پات کی جماعت نہیں بلکہ پاکستان کے چاروں صوبوں کی زنجیر ہے ، اور ہم انصاف پر مبنی ترقی یافتہ معاشرے کا قیام چاہتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تحریک انصاف چترال کی واحد جماعت ہے جو برابری پر یقین رکھتی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چترال کے امیدوار صوبائی اسمبلی اسرار الدین نے مستقبل میں پی ٹی آئی کی پالیسیوں اور چترال میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اپنے اور اپنی پارٹی کی ترجیحات بیان کی ۔

Print Friendly, PDF & Email