314

اتوار کے روز چترال شہر اور مضافات میں زبردست سیاسی گہماگہمی دیکھنے میں آئی جب مختلف سیاسی جماعتوں نے آخری سرگرمیاں سرانجام دی

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) اتوار کے روز چترال شہر اور مضافات میں زبردست سیاسی گہماگہمی دیکھنے میں آئی جب مختلف سیاسی جماعتوں نے آخری سرگرمیاں سرانجام دی۔ جماعت اسلامی نے ایون میں جلسہ عام منعقد کرنے کے بعد ایک ریلی کی صورت میں چترال شہر پہنچنے کے بعد پولوگراونڈ چوک پر جلسہ منعقد کرنے کے بعد منتشر ہوگئی ۔ پی ٹی آئی نے نماز ظہر کے بعد پولو گراونڈ میں جلسہ منعقد کیا اور اس سے پہلے ریلی نکالی جوکہ شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے پولو گراونڈ پہنچ گئی۔ آل پاکستان مسلم لیگ نے نماز عصر کے بعد پولو گراونڈ میں جلسہ عام منعقد کیا جس کے کارکنان دروش اور مختلف علاقوں سے گاڑیوں کی طویل قطار میں جلسہ گاہ پہنچ گئی۔ اسی طرح پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دروش کے مقام پر آخری جلسہ عام منعقد کیا۔ اسی طرح مختلف سیاسی جماعتوں کی حمایت میں اعلانات کا بھی سلسلہ جاری رہا۔ گولدور سے تعلق رکھنے والے آزاد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی شفیق الرحمن نے اے پی ایم ایل کے امیدوار برائے قومی اسمبلی کی حمایت کا اعلان کیا جبکہ اے پی ایم ایل کے سابق صدر سلطان وزیر خان نے ضلعی عہدیداروں کے ساتھ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کرکے ایم ایم اے کی حمایت کا اعلان کردیا۔ بازار میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے بینر ، پوسٹر اور جھنڈوں نے قوس قزح کی طرح ہر طرف رنگ بکھیردی ہیں ۔ دریں اثناء پی پی پی نے گرم چشمہ میں جلسہ عام منعقد کیا جس سے سلیم خان کے علاوہ سابق ایم پی اے سید سردار حسین شاہ نے بھی خطاب کیا ۔ اسی طرح بونی میں بھی پی پی پی نے ریلی نکالی اور جلسہ منعقد کیا جس سے غلام محمد نے خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں