242

الیکشن مہم کے دوران چترال کی سطح پر تمام امیدواروں نے انتہائی ذمہ داری ، احترام اور رواداری کا رویہ اپنایا؍انجینئرفضل ربی جان

چترال ( محکم الدین ) پاکستان پیپلز پارٹی چترال کے نائب صدرانجینئر فضل ربی جان نے اس بات پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ کہ الیکشن مہم کے دوران چترال کی سطح پر تمام امیدواروں نے انتہائی ذمہ داری ، احترام اور رواداری کا رویہ اپنایا ۔ اور کسی امیدوار کی طرف سے مخالف امیدواروں پر مذہبی ، مسلکی بنیادوں پر تعصب ، فرقہ واریت کو ہوا دے کر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش نہیں دیکھی گئی ۔ جو کہ تمام امیداوروں کی سنجیدگی ، امن و آشتی اور بھائی چارے کے فروغ اور حقیقی معنوں میں چترال کو ترقی دینے کیلئے اُن کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے ۔ چترال پریس کلب میں گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ امیدواروں کے اس رویے سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے ۔ کہ تمام پارٹیاں پاکستان پیپلز پارٹی کی طرح میچور ہو چکے ہیں ۔ اس لئے نفرت اور تعصب سے بالاتر ہو کر انہوں نے الیکشن مہم چلائی ۔ جسے لوگوں نے بھی سراہا ہے ۔ انجئنیر فضل ربی جان نے کہا ۔ کہ ہم چترال کے امن اور اس کی ترقی کو مقدم سمجھتے ہیں ۔ اسلئے اگر الیکشن میں ہمیں کامیابی ملی ۔ تو اخوت اور بھائی چارے کو مزید فروغ دینے کے ساتھ ساتھ علاقے کی بلا امتیاز خدمت کریں گے ۔ اور اگر کامیابی کسی دوسری پارٹی کے حصے میں آتی ہے ۔ تو بھی چترال کی ترقی کیلئے وہ ہمیں شانہ بشانہ پائیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سی پیک اور چائنا کے ساتھ قریبی روابط کی بنا پر چترال کا مستقبل تابناک ہے ۔ اور یہاں روزگار کے وسیع مواقع میسر ہوں گے ۔ اس لئے ان مواقع سے فائدہ اُٹھانے کیلئے وقت کی ضرورت کے مطابق نمایندوں کا انتخاب بھی از حد اہمیت کی حامل ہے ۔ تاکہ ترقی کے خواب کو صحیح معنوں میں شرمندۂ تعبیر بنا یا جا سکے ۔ انہو ں نے کہا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم کے دوران تمام جگہوں میں پذیرائی دی گئی ۔ جس کیلئے ہم چترال کے عوام کے مشکور ہیں ۔ پریس کانفرنس کے موقع پر عبد الصمد ، فتح الرحمن لال ، فخر عالم اور دیگر کارکناں موجود تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں