274

پرامن الیکشن کے انعقاد پرڈسٹرکٹ ریٹرننگ افیسر،ضلعی انتظامیہ ،چترال سکاؤٹس ،چترال پولیس کا بھی شکریہ اداکرتے ہیں/سلیم خان ،حاجی غلام محمد

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے الیکشن 2018کیلئے نامزد امیدوار سلیم خان اور حاجی غلام محمد نے اُن تمام ووٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ جنہوں نے گذشتہ الیکشن میں اپنا حق رائے دہی اُن کے حق میں استعمال کیا ۔ اور اُن پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ۔ جس کی وجہ سے سابقہ الیکشن کے مقابلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ووٹوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ چترال پریس کلب میں جمعرات کے روز بڑے پیمانے پر پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی معیت میں ایک پریس کا نفر نس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ پاکستان پیپلز پارٹی گو کہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی ہے ۔ لیکن یہ خوشی کی بات ہے ۔ کہ گذشتہ الیکشن کے مقابلے میں اس کے ووٹرز کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو ا ہے ۔ جبکہ پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر پارٹیوں کو مجموعی طور پر کم ووٹ ملے ہیں ۔ انہوں نے نو منتخب ممبران اسمبلی کو مبارکباد دی ۔ اور اس توقع کا اظہار کیا ۔ کہ وہ اپنی نمایندگی کو ضلع چترال کی تعمیرو ترقی استعمال کریں گے ۔ اور اس کے حقوق کیلئے کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ مولانا عبدالاکبر چترالی اور مولانا ہدایت الرحمن باصلاحیت شخصیات ہیں ۔ جو چترال کے مستقبل کیلئے بہتر فیصلے اور اقدامات اُٹھانے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا منتخب ہونے پر پاکستان تحریک انصاف چترال کے رہنما وزیر زادہ کو بھی مباکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سلیم خان نے کہا ۔ کہ ہار جیت سیاست کا حصہ ہے ۔ اس لئے عوام نے تبدیلی کے نعرے سے متاثر ہو کر صوبے اور ملک میں پاکستان تحریک انصاف کوناقابل یقین کامیابی دی ہے ۔ اس سے ہم امید رکھیں گے ۔ کہ تبدیلی نظر آجائے۔ اور اُس تبدیلی کو ہم تعلیم ، صحت ، انفراسٹرکچر ، اور تمام شعبوں میں دیکھنے کے منتظر رہیں گے ۔ لیکن یہ تبدیلی صرف نوشہرہ اور مردان تک محدود نہیں ہونی چاہیے ۔ سلیم خان نے ضلعی انتظامیہ کے آفیسران ، ڈپٹی کمشنر چترال ،کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس ڈی پی او چترال کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ جنہوں نے الیکشن کے پُر امن انعقاد کو ممکن بنایا ۔ تاہم انتخابات سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ۔ کہ پولنگ ایجنٹس کی طرف سے بار بار مطالبے کے باوجود فارم 45 فراہم نہیں کئے گئے سلیم خان اور غلام محمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا ۔ کہ ہم نے کسی کی ذات اور مذہب و مسلک کے بارے میں انتخابی کمپین کے دوران کوئی بات نہیں کی ۔ لیکن یہ افسوس کا مقام ہے ۔ کہ بعض امیدواروں نے کُھل کر کورٹ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ۔ اور مسلکی و مذہبی بنیاد پر ووٹ حاصل کئے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال کی ترقی اس کے عوام کی باہمی یکجہتی میں مضمر ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم نو منتخب ممبران کے مثبت کاموں میں اُن کے ساتھ تعاون کریں گے ۔ لیکن اُن کے منفی کاموں کے خلاف مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ۔ اس موقع پرعلماء ونگ کے صدرقاری نظام الدین ،سب ڈویژن چترال کے صدرعالمزیب ایڈوکیٹ،ضلعی انفارمیشن سیکرٹری قاضی فیصل،سب ڈویژن مستوج کے جنرل سیکرٹری حمیدجلال،ضلعی سینئرنائب صدرشریف حسین،یوسی ارندوکے صدرحاجی غازی خان دیگرپارٹی جیالے کثیرتعدادمیں موجودتھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں