273

پی ٹی آئی رہنماشہزادہ آمان الرحمن پارٹی کے نائب صدارت سے مستعفی،بطورکارکن پارٹی کے لئے کام کرنے کا فیصلہ

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) پاکستان تحریک انصاف ضلع چترال کے نائب صدر شہزادہ امان الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کو وزیر اعظم دیکھنا میرا وژن تھا اور میں رب ذولجلال کا شکر ادا کرتا ہوں کہ 25جولائی کے عام انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے جس کے نتیجے میں نیا پاکستان کا صبح طلو ع ہونے والا ہے ۔منگل کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جہاں وژن ہو وہاں مشن بھی ہوتا ہے اور میرا مشن چترال کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کو جیتنا تھا لیکن بدقسمتی سے ہم یہ دونوں سیٹ ہار گئے اور میں اپنی ناگزیرذاتی مصروفیات کی وجہ سے اس مہم میں حصہ بھی نہ لے سکا تھا ۔ شہزادہ امان الرحمن نے کہاکہ میں اس وجہ سے ضلعی نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں لیکن پارٹی ورکر کی حیثیت سے کام کرتا رہوں گا اور اور اپنی مشن کو کبھی نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہاکہ میں اپنی پارٹی ورکروں کے شبانہ روز بے لوث جدوجہد کی داد دیتا ہوں جنہوں نے مخالف کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی پارٹی کو دونوں نشستو ں میں دوسرے نمبر پر رکھا۔ شہزادہ امان نے ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے الیکشن جیتنے والوں کو بھی مبارک باد پیش کی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وہ ذاتی حیثیت سے مستعفی ہورہے ہیں اور ضلعی صدر سمیت دوسرے عہدیداروں کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اگلے سال کی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا ابھی نہیں سوچا اور وہ ساری توجہ پارٹی کو مستحکم کرنے اور چترال کو پی ٹی آئی کا ناقابل تسخیرقلعہ بنانے میں صرف کردیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں