175

خیبرپختونخوا میں پہلے مرحلے میں 10 رکنی کابینہ تشکیل دینے کا فیصلہ

پشاور: تحریک انصاف کے چیئرمین اورنامزد وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر تعلیم عاطف خان کو خیبرپختونخواکیلیے محمود خان کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی پر اعتماد میں لیتے ہوئے کابینہ کا حصہ بننے کیلیے آمادہ کرلیا جس کے تحت عاطف خان اور شہرام ترکئی دونوں نئی صوبائی کابینہ کا حصہ ہوںگے جن میں عاطف خان ممکنہ طورپر سینئر وزیر ہوسکتے ہیں۔خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ محمود خان نے پارٹی کے چیئرمین عمران خان کی مشاورت سے صوبے کیلیے پہلے مرحلے میں10رکنی کابینہ تشکیل دینے کافیصلہ کیاہے جس میں سابق سینئر وزیر شہرام ترکئی اور سابق وزیرتعلیم عاطف خان بھی شامل ہوںگے۔مذکورہ دونوں سابق وزرا نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور نامزد وزیراعلیٰ محمود خان سے ملاقات کی جس میں پارٹی چیئرمین نے ان پر واضح کیاکہ محمود خان کسی اور کا نہیں بلکہ ان کا نامزد کردہ ہے جس پر دونوں سابق وزرا نے محمود خان کی نامزدگی کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی ظاہر کردی جس کے بعد خیبرپختونخوا کیلیے پہلے مرحلے میں10رکنی کابینہ تشکیل دینے پراتفاق کیا گیا ہے جس میں عاطف خان ممکنہ طور پر سینئر وزیر ہوںگے جبکہ شہرام ترکئی بھی کابینہ کا حصہ ہوںگے۔صوبائی کابینہ میں مزید جن ارکان کو بطور وزرا شامل کرنے پر اتفاق کیاگیاہے ان میں مشتاق احمد غنی، تیمور سلیم جھگڑا، سلطان محمد خان، اشتیاق ارمڑ، ضیا اللہ بنگش، ڈاکٹر امجد علی، ہمایوں خان اور کامران بنگش شامل ہیں۔ تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایاکہ صوبائی کابینہ کے دوسرے مرحلے میں مزید 4 وزراکو شامل کرتے ہوئے15رکنی کابینہ مکمل کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں