230

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ملک کے 22ویں وزیراعظم منتخب

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کے 22ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں جاری قومی اسمبلی اجلاس میں قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آیا جس کے نتیجے میں عمران خان کو 176 جبکہ شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے۔

ایوان میں نئے قائد کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے کیا گیا اور عمران خان اور شہباز شریف کے حمایتی ارکان دائیں اور بائیں دو حصوں میں تقسیم ہوگئے۔

رائے شماری کا عمل مکمل ہونے کے بعد سپیکر نے نتائج کا اعلان کیا جس کے تحت عمران خان قائد ایوان منتخب ہوگئے، عمران خان کو 176 جب کہ جب کہ شہباز شریف کو  96 ووٹ ملے۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے قائد ایوان کے انتخاب سے کنارہ کش رہیں اور دونوں جماعتوں نے کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا۔

رائے شماری میں عمران خان کو تحریک انصاف کے علاوہ ایم کیوایم ، بی اے پی، ق لیگ، بی این پی، عوامی مسلم لیگ اور جے ڈبلیو پی کے ارکان نے ووٹ دیا۔

دوسری  جانب مسلم لیگ (ن) کے شہباز شریف کو ان کی جماعت کے علاوہ ایم ایم اے کے ارکان کی بھی حمایت حاصل تھی۔

نومنتخب وزیراعظم عمران خان کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی اور صدر مملکت ممنون حسین نو منتخب وزیراعظم عمرن خان سے حلف لیں گے۔

حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت نامے جاری کئے جاچکے ہیں جب کہ بھارت سے عمران خان کے دوست نوجوت سنگھ سدھو تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر پاکستان آئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں