304

پی کے 23 شانگلہ سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شوکت یوسف زئی کامیاب امیدوار قرار

خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 23 شانگلہ سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شوکت یوسف زئی نے 42 ہزار 116 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شانگلہ میں تمام 135 پولنگ سٹیشنوں میں ووٹوں کی گنتی مکمل کرلی گئی اور اب تک موصول غیرحتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار شوکت علی یوسفزئی نے 42  ہزار 116 ووٹ لے کر کامیاب امیدوار قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد روشاد خان 22 ہزار 315 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔خیبر پختونخوا اسمبلی کے ضلع شانگلہ میں دوبارہ الیکشن کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 6 بجے تک جاری رہی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پاک فوج کے جوان بھی تعینات تھے۔واضح رہے کہ حلقے میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد  2 لاکھ 555 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 13 ہزار 827 اور خواتین کی تعداد 86 ہزار 728 ہے لیکن 25 جولائی کو صرف ساڑھے 3 ہزار خواتین نے ووٹ ڈالے تھے۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق خواتین کا ٹرن آؤٹ 10 فیصد ہونا ضروری ہے۔یہ بھی یاد رہے کہ الیکشن 2018 میں پی ٹی آئی کے شوکت یوسفزئی نے 17399 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جب کہ ن لیگ کے روشاد خان 15 ہزار 533 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے انتخابات میں خواتین کے ووٹوں کی شرح بہت کم ہونے پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں