257

خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانے کی غرض سے حکمت عملی طے کرلی

خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانے کی غرض سے حکمت عملی طے کرلی ہے ٗپہلے مرحلے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے ٗ ڈائریکٹر تعلیمات کو کمیٹی کی سربراہی سونپی گئی ہے ٗذرائع کے مطابق کمیٹی نے حکومتی ہدایات کے پیش نظر صوبے کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز میل فی میل کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جن میں ان سے 10دنوں کے اندر تمام سرکاری اساتذہ کی تفصیلات کے ساتھ ان کے بچوں کی معلومات بھی طلب کی ہیں۔ مراسلے میں ڈی ای اوز کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کے سکولوں کے اساتذہ سے ان کے بچوں کے تعلیمی اداروں کی تفصیلات طلب کریں اور پھر ان تفصیلات کو مرتب کرکے ڈائریکٹریٹ ایجوکیشن ارسال کیا جائے اس ضمن میں ڈائریکٹر ایجوکیشن فرید خٹک نے ’’آج ‘‘ کے رابطے پر بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر فوری طور پر کمیٹی نے کام شروع کر دیا ہے اور پہلے مرحلے میں اساتذہ کے بچوں کے تعلیمی اداروں کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں گے جس کے بعد ان تفصیلات کو ایک ڈیٹا کی شکل دی جائے گی اور بعدازاں حکومت کو بریفنگ دینگے جس کے بعد حکومت کی ہدایت پر مزید اقداما ت اٹھائے جائینگے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں