228

سی پیک سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کئے ہیں،منصوبے کی تکمیل سے غربت کی شرح میں نمایاں کمی ہوگی ۔ سی پیک سیکرٹیرٹ

اسلام آباد/چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک ) سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کئے ہیں جبکہ منصوبہ کی تکمیل سے غربت کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکے گی ۔سی پیک کے تحت تعمیر کی جانے والی ملتان سکھر موٹروے سے 23ہزار افراد کا روزگار وابستہ ہے ۔ سی پیک سکرٹریٹ کے حکام نے کہا ہے کہ سی پیک خطے کی مشترکہ ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے اور پاکستان مستقبل میں سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد اپنے جغرافیائی محل وقوع کے باعث یورپ اورایشیائی ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا جس سے خطے کی تجارت ،اقتصادی اور سماجی روابط کے اضافہ میں مدد ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ معاشی طور پرمستحکم پاکستان ہی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دے سکتا ہے جس سے خطے کے علاقائی امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کو یقینی بناسکتا ہے۔ پاکستان میں اقتصادی و صنعتی ترقی کیلئے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت مشترکہ حکمت عملی سے ہنر مند افرادی قوت کی دستیابی اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے باہمی روابط کو بھی فروغ دیا جارہا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت انفراسٹرکچر، توانائی، اقتصادی زونز کے قیام سمیت مختلف منصوبہ جات کی تکمیل سے پاکستان نہ صرف پائیدار ترقی کے حصول میں کامیاب ہوگا بلکہ لاکھوں جوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے اور عوام کی سماجی ترقی وبہبود کو یقینی بنایا جاسکے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت تعمیر کی جانے والی سکھر ملتان موٹر وے منصوبہ سے 23 ہزار سے زائد افراد کا روزگار وابستہ ہے اور اس سے نہ صرف علاقہ کی ہنر مند افرادی قوت مستفید ہو رہی ہے بلکہ ملک کے دیگر علاقوں کے افراد کا روزگار بھی وابستہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ابتدائی منصوبے رواں مالی سال میں مکمل ہو جائیں گے جبکہ وسط مدتی منصوبے 2020ء سے لیکر 2025ء تک اور طویل المدتی منصوبے 2020ء سے لیکر 2030ء تک مکمل ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں