399

چترال میں 5ہزار خصوصی افراد رجسٹرڈ ہیں ،جو کہ انتہائی مشکل حالت میں زندگی گزار رہے ہیں/صدر ثناء اللہ

چترال ( محکم الدین ) چترال اسپیشل پیپلز آرگنائزیشن ( سی ایس پی او ) کے صدر ثناء اللہ اور نائب صدر ارشاد الحق نے کہاہے ۔ کہ چترال میں 5ہزار خصوصی افراد رجسٹرڈ ہیں ۔جو کہ انتہائی مشکل حالت میں زندگی گزار رہے ہیں ، اس معاشرے اور حکومت میں خصوصی افراد کے مسائل سننے والا کوئی بھی نہیں ہے ۔ جو ان کی حالت زار پر رحم کھاسکے ۔ چترال پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ چترال سپیشل پیپلز آرگنائزیشن ایک واحد ادارہ ہے ، جو چترال کے خصوصی افراد کیلئے کام کرتا ہے ۔ اور اب تک کئی خصوصی افراد کو ویل چئیر اور علاج معالجے کی سہولت فراہم کر چکی ہے ۔ لیکن جو مدد اور تعاون تندرست اور صحت مند افراد کی طرف سے اُن کے ساتھ ہونا چاہیے ۔ وہ نہیں کیا جا رہا ۔ اس لئے وہ مایوسی کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا ، کہ اسپیشل پیپلز آرگنائزیشن حکومتی اور عوامی سطح پر عدم تعاون کے باوجود اپنی بساط کے مطابق اُن افراد کی مدد کر رہا ہے ۔ جن کی مجبوریوں کو تندرست و توانا لوگ نہیں سمجھ سکتے ۔ ثناء اللہ نے کہا ۔ کہ یہ کتنی افسوس کی بات ہے ۔ کہ چترال میں ایک واحد اسپیشل ایجوکیشن سنٹر ہے ۔ وہ بھی پرائمری تک محدود ہے ۔ اور اُس میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ۔ کہ اسپیشل ایجوکیشن کو کم آز کم میٹرک تک اپگریڈ کیا جائے ۔ تاکہ خصوصی افراد صرف پرائمری تک محدود نہ رہیں ۔ صدر سی ایس پی او نے کہا ۔ کہ یہ چترال کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے ۔ کہ چترال اسپیشل پیپلز آرگنائزیشن کی کوششوں سے پچھلے تین سالوں سے آل پاکستان اسپیشل فیسٹول ایبٹ آباد میں شرکت کرکے بچوں نے کئی ایوارڈ اور گولڈ میڈل حاصل کئے ۔ اور پورے ملک میں نام پیدا کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اب ملاکنڈ کی کرکٹ ٹیم چترال کا دورہ کرنا چاہتی ہے ۔ اس لئے چترال کی ضلعی حکومت ، ضلعی انتظامیہ اور چترال کے تمام NGO,sسے مطالبہ ہے ۔ کہ اُن کی رہائش اور طعام کا انتظام کرکے چترال کے اسپیشل افراد اور آنے والے اسپیشل مہمانوں کی حوصلہ افزائی کریں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں