310

جمعیت علمائے اسلام( ف) نے چترال میں بھر پور رکنیت سازی مہم کا آغاز ،ضلعے کے7 سب تحصیلوں میں ناظمین کا انتخاب 

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) جمعیت علمائے اسلام( ف) نے چترال میں بھر پور رکنیت سازی مہم کا آغاز کردیا اور جمعرات کے روز چترال پریس کلب میں اجلاس کے بعد مہم کا افتتاح کیا گیا جس میں پارٹی کے مختلف تحصیلوں سے آئے ہوئے رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالسمیع نے کہاکہ علمائے حق کی اس وارث جماعت کو ضلع کے طول وعرض میں عوام کی زبردست حمایت حاصل ہے جواس کے پرچم تلے آنے کو اپنے لئے سعادت اور فلاح اخروی کا ذریعہ سمجھتے ہیں اور اس ضرورت کے پیش نظر رکنیت سازی کی مہم کواحسن طریقے سے چلاتے ہوئے ہر گھر کے دروازے پر جمعیت کی طرف سے دستک دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ے یو آئی دستور کے مطابق ہر تین سال بعد رکنیت سازی کرتی ہے اور جو افراد تین سال بعد رکنیت کی تجدید نہیں کرتے ۔ رکنیت خود بخود ختم ہو جاتی ہے ۔ اس لئے دستور کے مطابق رکنیت سازی کی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ضلعے کے ساتوں سب تحصیلوں میں اس مہم کے لئے مقرر کردہ ناظمین انتخاب کا اعلان کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے کس دن رات ایک کریں۔ انہوں نے ممبرشپ مہم کے مختلف مدارج بیان کرتے ہوئے کہاکہ تین مہینوں کے اندر رکنیت سازی جاری رہے گی ۔ جس کے بعد یونین کونسل سطح پر تنظیم سازی شروع کی جائے گی ۔ اور یہ سلسلہ بتدریج تحصیل اور ضلع کی سطح تک انجام دیے جائیں گے ۔تحصیل ناظمین انتخاب کے اعلان کرتے ہوئے انہوں نے لال زمان ناظم انتخابات ارندو ، قاری مبار ک تحصیل دروش ، مولانا فدا محمد چترال ، مولانا ولی اللہ لٹکوہ ، حاجی دوست محمد مستوج ، حاجی فدا محمد تورکہو اور مُفتی اسد اللہ موڑکہو کا نام لیا۔ اس موقع پر چترال کے نامور سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر شہزادہ محی الدین کے چھوٹے بھائی اور سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین کے چچا شہزادہ سریر الدین پاکستان مسلم لیگ (ن ) چھوڑ کر جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہوگئے ہیں ممبرشپ کوپن حاصل کیا جسے مولانا عبدالسمیع نے پارٹی کے لئے نیک شگوں قرار دیا۔ سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن ، قاضی نسیم ، صوبیدار میجر عبدالصمد ، مولانا بلناس اور دوسرے موجود تھے۔ قاری صادق نے اپنے خطاب میں ناظم انتخابات مقر رہونے پر مولانا عبدالسمیع کو مبارکباد دی ۔ اور کہا ۔ کہ مولانا سمیع بے داغ شخصیت کے مالک ہیں ۔ اس لئے اُن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ اور ہم اُمید رکھتے ہیں ۔ کہ انتخابات کے انعقاد تک اپنی غیر جانبداری ثابت کرکے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ایک اسلامی جماعت کیلئے خدمات انجام دینا سعادت کی بات ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں