250

شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام کی کڑی ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام کی کڑی ہے۔ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے، شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں بلایا گیا لیکن آشیانہ کیس میں گرفتارکیا گیا، ایسا کیس جو تفتیش کے مرحلے میں ہے اس میں گرفتارکیا گیا، سب کو معلوم ہے کہ اس کیس میں ایک روپے کی کرپشن نہیں کی گئی، پنجاب میں خوشحالی پرشہباز شریف کو گرفتار کیا گیا، یہ شہراور اس صوبے کے ساتھ زیادتی ہے جب کہ شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام  کی  کڑی ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جتنے احسانات شہبازشریف کے پنجاب پر ہیں وہ پوری دنیا جانتی ہے، مسلم لیگ (ن) نے قانون کی حکمرانی کی مثال قائم کی ہے، مخالفین ہمیں سیاست میں شکست نہیں دے سکے، پی ٹی آئی اوچھے ہتھکنڈوں پراترآئی ہے اور نیب کے ذریعے سیاسی انتقام لے رہی ہے، حکومت ایسےاقدامات کرے گی توکارکنوں کا ردعمل فطری ہے جب کہ اس طرح کارروائیاں اورسیاسی انتقام پاکستان کی تاریخ میں پہلے بھی ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کو گذشتہ روز گرفتار کیا تھا جب کہ آج انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں