گلگت(نیوز رپورٹ: امیرجان حقانی) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مناور گلگت کے پرنسپل پروفیسر محبوب علی خان اپنے فرائض منصبی سے سبکدوش ہوئے۔پروفیسر محبوب علی خان کے اعزاز میں پوسٹ گریجویٹ کالج میں طلبہ و اساتذہ نے ایک الوداعی پروگرام کا اہتمام کالج کے آڈیٹوریل ہال میں کیا۔اس شاندار پروگرام کا آغازتلاوت قرآن کریم سے کیا گیا، کالج کے لیکچرار مفتی لقمان رسول نے تلاوت کلام سے حاضرین کے دل منور کیے۔ کالج کے شعبہ اردو کے پروفیسر انورعلی جمیل نے نعت رسول پیش کیا۔کالج کے ہونہار طالب علم حسنین قاسمی نے پرنسپل کی خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر محبوب کے دور میں تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری دیکھی،طلبہ اور اساتذہ کے درمیان تعلیمی ماحول پیدا کرنے اور کالج کے ترقیاتی کاموں میں پروفیسر محبوب علی خان نے بہترین کردار ادا کیاحسنین قاسمی نے کالج کے تمام طلبہ کی نمائندگی کرتے ہوئے پرنسپل کو الوداع کہا اور بطور استاد اسٹیج سے ہی ایک آنوکھا سیلوٹ بھی کیا جس پر انہیں بھرپور داد دی گئی۔شوشل ورک کے پروفیسر اور معروف شاعر اشتیاق احمد یاد نے پرنسپل محبوب علی خان کی زندگی کے تمام گوشوں کو سامعین کے سامنے بلاکم و کاست پیش کیا۔اور ان کی ہر قسم کی خدمات کو سراہا۔ شعبہ سیاسیات کے استاد امیرجان حقانی نے استاد کی عظمت پر ایک طویل لیکچر دیا اور پروفیسر محبوب علی خان کو ایک کامیاب استاد کے طور پر خدمات انجام دینے پر مبارک باد دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ استاد اور شاگرد کا رشتہ کبھی منقطع نہیں ہوتا اور نہ ہی استاد کبھی ریٹائرڈ ہوتا ہے۔پروفیسر محبوب علی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے گلگت بلتستان پروفیسر اینڈ لیکچرار ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ارشاداحمد شاہ نے کہا کہ میں محبوب علی خان کا شاگرد ہوں۔ میں نے انہیں بطور استاد، بطور ڈپٹی سیکرٹری اور سیکرٹری ایجوکیشن بھی دیکھا ہے اور بطور پرنسپل بھی ساتھ کام کیا ہے۔ میں بلاجھجک کہتا ہوں کہ اتنے ہنس مکھ اور وژنری انسان میں نے بہت کم دیکھے ہیں۔بطور لیڈر ٹیم ورک کرنا محبوب علی خان کی خاص خصوصیات میں ایک ہے۔
پروفیسرمحبوب علی خان نے 1981ء میں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آبادایم ایس سی کیا اور گلگت بلتستان کے پہلے پوسٹ گریجویٹ کا اعزاز حاصل کیا۔1982 سے 1984تک پبلک اسکول اینڈ کالج گلگت میں ٹیچنگ کی۔ 1984کو گلگت بلتستان کالج میں بطور لیکچرار تقرری ہوئی۔1984 سے 1998تک بطور لیکچرار اور اسسٹنٹ پروفیسر گلگت بلتستان کالجز میں کام کیا۔ 1998 سے 2005تک ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن ، ۲۰۰۵ سے ۲۰۱۰ تک ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن اور ایک سال سیکرٹری ایجوکیشن کے طور پر کام کیا۔ ۲۰۱۱ سے ۲۰۱۷ تک بے نظیر انکم سپورٹ گلگت بلتستان کے ریجنل ڈائریکٹر کے طور پر جبکہ ۱۳ اکتوبر ۲۰۱۸ گلگت بلتستان کی سب سے بڑی کالج گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج گلگت مناور کے پرنسپل کے طور پر کام کیا۔ ا پنی ۳۴ سالہ زندگی کا سفر مکمل کرکے ریٹائرڈ ہوئے۔