Site icon Daily Chitral

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے دورہ چترال نے چترالی عوام کا دل جیت لیا۔محمد کوثر ایڈوکیٹ

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) پاکستان مسلم لیگ (ن) سب ڈویژن چترال کے صدر محمد کوثر ایڈوکیٹ نے حالیہ زلزلے اور سیلاب کے بعد چترال کا دورہ کرنے اور متاثرین کی ریلیف اور آبادکاری کے ساتھ علاقے کی ترقی کے لئے لواری ٹنل پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے فراخدلانہ فنڈ فراہم کرنے، اربوں روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر، گولین گول پراجیکٹ سے 30میگاواٹ بجلی کی فراہمی کا تاریخی اعلان کرنے پروزیر اعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے تاریخی ا قدم قرار دیا ہے ۔ منگل کے روزپارٹی کے رہنماؤں محمد حسین، عمران الملک، امیرالرحمن چارویلو، نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ، اعجاز احمد اور دوسروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 1999ء میں وزیر اعظم نواز شریف کے بعد کسی وزیر اعظم نے چترال کا دورہ نہیں کیا تھا اور سولہ سال بعد ان کا دوسری باردورہ چترال اس پسماندہ علاقے کے لوگوں کے ساتھ ان کی محبت کا مظہر ہے اور ان دورہ جات سے انہوں نے چترالی عوام کا دل جیت لیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ زلزلے میں 20ہزار کے قریب ایسے گھر متاثر ہوگئے ہیں جوکہ سرکاری قواعد وضوابط پر پورا نہ اترنے یا سہواً سرکاری ریکارڈ میں اندراج سے رہ گئے ہیں اور یہ عین انصاف کا تقاضا اور وزیر اعظم کی غریب پروری ہوگی اگر ایک ارب روپے کی مزید مالی امداد کا اعلان کرکے ان خاندانوں کی آبادکاری کو ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ 2013ء کی طرح اس بار بھی پنجاب حکومت کی طرف سے چترال میں بارہ ہزار متاثرہ لوگوں کے لئے ترپال،خیمے ، گرم کپڑے اور فوڈ آئیٹمز بھیج دیا جائے۔ محمد کوثر ایڈوکیٹ نے چترال کی ضلعی انتظامیہ کے موجودہ سربراہ ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ اکثر غریب متاثرین سرکاری اہل کاروں تک نہیں پہنچ پاتے یا سروے کے دوران سرکاری اہل کاروں نے ان کو نظر انداز کردیا ہے ، ایسے متاثرین تک امدادی سامان اور چیک پہنچانے کو یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے سیلاب اور اس کے بعد زلزلے کے بعد متاثرین کے دکھ درد میں شریک ہونے پر پاک آرمی اور چترال سکاوٹس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کھٹن لمحات میں جنرل نادر اور چترال سکاوٹس کے سابق اور موجودہ کمانڈنٹ نے متاثریں تک پہنچنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ مسلم لیگ کے رہنما نے کہاکہ وزیر اعظم کا چترالی عوام کی طرف سے باضابطہ شکریہ ادا کرنے کے لئے مختلف مقامات گرم چشمہ، دروش اور چترال شہر میں نواز شریف زندہ باد کانفرنس منعقد کئے جائیں گے جن میں پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے نیازا ے نیازی ایڈوکیٹ کا پارٹی میں شمولیت کرنے اور پارٹی کا ضلعی ترجمان مقرر ہونے کا بھی خیر مقدم کرتے ہوئے پارٹی کے لئے نیک شگون قرار دیا۔

Exit mobile version