244

دروش ہسپتال کے اندر کچرے کو آگ لگانے سے ملحقہ علاقے بری طرح متاثر ہوئے

دروش(نامہ نگار) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دروش کے انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے ملحقہ گنجان آباد علاقے کے مکینوں کو اس وقت شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا جب ہسپتال کے عملے نے بھاری مقدار میں کچرے کو ہسپتال کے احاطے کے اندر ہی نذر آتش کردی ۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش کے احاطے کے اندربھاری مقدار میں کچرے کو نذرآتش کرنے کے بعد قریبی رہائشی علاقے شدید دھوئیں ، تعفن اور بد بو کی زد میں آگئے جس کی وجہ سے نہ صرف قریبی رہائشی علاقوں میں لوگوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا بلکہ آس پاس کے علاقوں میں بھی دھواں پھیل گئی نیز ہسپتال کے اندر مریضوں کو انتہائی کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔ ہسپتال سے متصل کرنل مراد اسٹیڈئم میں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں تماشائی فٹ بال میچ دیکھنے آتے ہیں جو کہ اس صورتحال سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔ ہسپتال انتظامیہ نے ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے مروجہ اصولو ں کو پس پشت ڈالکر بھاری مقدار میں کچرے کو شہری آبادی کے بیچوں بیچ آگ لگادی جو کہ نہ صرف ماحول کو سنگین آلودہ کرنے کا سبب بنا بلکہ اس کی وجہ سے انسانی صحت پر بری اثرات پڑے۔ حالانکہ کسی بھی قسم کے کچرے کو تلف کرنے کے لئے ماحولیاتی ضوابط کے مطابق کاروائی کرنے پر زور دیا جاتا ہے اور آجکل کچرے کو ڈمپ کرنے کے احکامات ہیں مگر محکمہ صحت کے اہلکار ان ہدایات کو پس پشت ڈال کر خود نہ صرف ماحولیاتی مسائل پیدا کر رہے ہیں بلکہ انسانی صحت سے بھی کھیلتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر چترال سمیت محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غفلت اور لاپرواہی کا نوٹس لیکر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے نیز مستقبل میں ایسے واقعات کے سد باب کا انتظام کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں