198

زائیدہ موڑکھو تورکھو تحصیل کے ہیڈکوارٹرز کے مقام کے تعین میں اہالیان تورکھو اور تریچ کے تحفظات کے بارے میں اجلاس

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال)نوزائیدہ موڑکھو تورکھو تحصیل کے ہیڈکوارٹرز کے مقام کے تعین میں اہالیان تورکھو اور تریچ کے تحفظات کے بارے میں ایک اجلاس ٹاؤن چترال میں منعقدہوا جس میں تورکھو اور تریچ سے منتخب ارکان ضلع و تحصیل کونسل اور ویلج ناظمین اور ضلع ناظم مغفرت شاہ اور ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن نے شرکت کی۔ اجلا س میں اہالیان تورکھو نے اس بات پر زور دیاکہ موڑکھو کے وریجون میں قائم شدہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ان کو اس لئے قابل قبول نہیں ہے کہ یہ تورکھو اور تریچ کے عوام کے لئے قابل رسائی نہیں ہے کیونکہ ان کو بونی سے وریجون جانے کے لئے خصوصی گاڑی بک کرنا ہوگا جبکہ بونی ، خندان لشٹ ، کاغ لشٹ یا بمباغ کے مقام پر قائم کرنے سے ان کو آسانی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر تحصیل ہیڈ کوارٹرز کو وریجون سے منتقلی نہیں ہوسکتی ہے تو تورکھو اور تریچ کو تحصیل مستوج کے ساتھ ضم کیا جائے ۔ اس موقع پر موجود ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن نے کہاکہ اس مسئلے کا حل نکالنے کے لئے دونوں پارٹیوں کو ایک ساتھ بیٹھانے اور ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد کوئی قابل قبول حل نکالاجاسکتا ہے۔ ضلع ناظم مغفرت شاہ نے بھی اس تجویز کی تائید کرتے ہوئے 14نومبر کو اپنے دفتر میں موڑکھو تورکھو تحصیل کے چھ ارکان ضلع کونسل او ر چھ تحصیل کونسل کا اجلاس طلب کرلیا جس سے اتفاق کرلیا گیا۔ اس موقع پر تورکھو سے ارکان ضلع کونسل شیر عزیز بیگ، کپٹن (ریٹائرڈ) اکبر شاہ، ممبران تحصیل کونسل شیر بہادر، محمد سعید خان لال، تریچ سے ممبر ضلع کونسل مولانا عطاء الرحمن اور ممبر تحصیل کونسل علاء الدین عرفی اور ویلج ناظمین بھی موجود تھے۔ نائب ضلع ناظم مولانا عبدالشکور بھی اس اجلاس میں موجود تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں