Site icon Daily Chitral

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بالاخر اپر چترال ضلع کا وعدہ پورا کر دیا

چترال ( محکم الدین ) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بالاخر اپر چترال ضلع کا وعدہ پورا کر دیا ۔ اور منگل کے روز منسٹر ریوینیو شکیل خان نے اپنے آفس میں نوٹفیکیشن جاری کرتے ہوئے اسے ایم پی اے وزیر زادہ , رہنما تحریک انصاف عبدالطیف اور رحمت غازی کے حوالے کر دیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری ریوینیو کے علاوہ چترال کے تحریک انصاف کے رہنما اسرارالدین , سابق ناظم سرتاج احمد خان , قاسم خان,آفتاب ایم طاہر و دیگر موجود تھے ۔ نو ٹفیکیشن کی وصولی کے بعد ایم پی اے وزیر زادہ نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کہاe
کہ یہ نوٹفیکیشن چترال کی تعمیرو ترقی کا پروانہ ثابت ہو گا ۔ اور چترال دن دگنی اورچوگنی ترقی کرے گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس نوٹیفیکشن کا چترال کے لوگ کافی عرصے سے انتظار کر رہے تھے ۔ جو کہ آج جاری کر دیا گیا ۔ اور یہ چترال کے لوگوں کیلئے انتہائی خوشی کا مقام ہے ۔ منسٹر شکیل خان نے تمام حاضرین کو مبارکباد دی ۔اور اسے چترال کیلئے تاریخی دن قرار دیا ۔ انہوں نے یقین دھانی کی ۔ کہ نئے ضلع کے تمام مسائل بتدریج حل کئے جائیں گے ۔ اور کسی بھی مشکل کی صورت میں ہم حاضر ہیں ۔ اس موقع پر نئے ڈسٹرکٹ کے دفاتر کی تعمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے عبدالطیف اور رحمت غازی نے تجویز پیش کی ۔ کہ کاغلشٹ میں وسیع سرکاری زمین موجود ہے ۔ جہاں دفاتر تعمیر کئے جائیں ۔ تاکہ تمام لوگوں کو سہولت ملے۔ منسٹر سے اس بات سے اتفاق کیا ۔ اور کہا ۔کہ اس حوالے سےآپ کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔ درین اثنا پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے نوٹفیکیشن جاری ہونے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیاہے ۔ واضح رہے ۔ اپرچترال ڈسٹرکٹ کی نوٹفیکیشن کا اعلان ایک سال پہلے سابق وزیر اعلی پرویز خٹک نے چترال میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا تھا ۔ اور ایک ہفتے کے اندر نو ٹفیکیشن مخالفین کے منہ پر دے مارنے کی بات کی تھی۔ لیکن ایک سال سے یہ اٹکا رہا ۔ اس کی وجہ سے چترال ایک قومی و ایک صوبائی سیٹ سے بھی محروم رہا ۔ جبکہ دوسری طرف پی ٹی آئی کے کارکنان کو نو ٹفیکیشن کے اجرا میں تاخیر پر مخالفین کے طعنے سہنے پڑے ۔ تاہم ایک سال بعد نوٹفیکیشن جاری ہوا ۔ جو کہ ضلع کو قانونی جواز مہیا کرے گی ۔

Exit mobile version