238

وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو پاکستان کو پانچواں صوبہ بنانے کی منظوری دے دی

وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو پاکستان کو پانچواں صوبہ بنانے کی منظوری دے دی، گلگت بلتستان اصلاحات کمیٹی کی سفارشات کو قبول کرتے ہوئے وزیراعظم نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کوعبوری صوبہ بنانے کیمنظوری دے دی ہے۔بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت گلگت بلتستان اصلاحات کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں اصلاحات کمیٹی نے وزیراعظم کواپنی سفارشات پیش کیں، جنہیں وزیراعظم نے منظورکرتے ہوئے گلگت بلتستان کوعبوری صوبہ بنانے کی منظوری دے دی اوراس کے متعلق اصلاحات کمیٹی کی سفارشات کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ذرائع کے مطابق اصلاحات کمیٹی نے اپنی سفارشات میں گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا تھا سرتاج عزیزکی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات کے مطابق گلگت بلتستان کوتمام حقوق دیئے جائیں۔اس سے قبل گلگت بلتستان کو آئینی و انتظامی حقوق دینے کے حوالہ سے وفاقی حکومت کی جانب سے قائم شدہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر امور کشمیر کے علاوہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، گورنر گلگت بلتستان و وزارت دفاع اور وزارت امور کشمیر کے وفاقی سیکرٹریز، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان کونسل کے جوائنٹ سیکرٹرینے شرکت کی۔اجلاس میں اٹارنی جنرل کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کو پیش کیا گیا جس پر کمیٹی اجلاس میں تفصیلاً مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہاکہ وفاقی حکومت اختیارات نچلی سطح تک منتقلی میں یقین رکھتی ہے اور گلگت بلتستان کو آئینی اور انتظامی لحاظ سے وہاں کی عوام کی خواہشات کی روشنی میں بااختیار کیا جائے گا۔اجلاس میں ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر گفتگوکرتے ہوئے اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی آئینی وانتظامی حقوق دینے کے حوالہ سے گلگت بلتستان کی عوام کی خواہشات کو اولین رکھا جائے گا اور اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ اس اقدام سے وسیع تر قومی مفادات کا بھی تحفظ ہو سکے۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم کو خصوصی سفارشات کی گئیں جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے گلگت کو الگ صوبہ بنانے کی منظوری دے دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں