206

اے کے یو۔ ای بی کی جانب سے ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کے لیے تقریب کا انعقاد

 آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ نے پاکستان بھر میں سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ )ایس ایس سی ( اور ہائیر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ )ایچ ایس ایس سی( امتحانات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 146 طلبا کے اعزاز میں ہائی اچیورز ایوارڈ کی تقریب منعقد کی۔ ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی میں بہترین مجموعی نمبرز، مضامین کے گروپس میں بہترین نمبرز اور مختلف انفرادی مضامین میں بہترین نمبرز حاصل کرنے پر ان طلبا میں 190 مختلف ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ہائی اچیورز ایوارڈ کی تقریب  کی مہمان خصوصی اےکے یو کے ڈیپارٹمنٹ آف میڈیسن کی چیئر ، ایسوسی ایٹ پروفیسر  ڈاکٹر زینب صمد نے ملک میں تعلیم کے معیار میں بہتری کی کاوشوں پر اے کے یو ۔ای بی کا شکریہ ادا کیا۔انھوں نے اس موقعے پر بات کرتےہوئے کہا، “اے کے یو۔ای بی نے اس معاشرے اور ملک کی  خدمت میں مصروف  ہے۔ آج سے 25 سال قبل ہم نے روایتی انداز تعلیم اور روایتی امتحانی نظام کے تحت   تعلیم حاصل کی  ہے اور مجھے یاد ہے کہ اس وقت والدین  امتحانی جانچ میں بے قاعدگیوں اور غیر شفافیت  کے حوالے سے بے حد پریشان رہتے تھے۔ اے کےیو۔ای بی نے اس روایتی  انداز کو تبدیل کر دیا ہے۔ انھوں نے  نہ صرف  اس بے یقینی کا خاتمہ کیا ہے بلکہ   انصاف، شفافیت اور جامعیت کو امتحانی نظام کا حصہ بنا دیا ہے ۔ اے کے یو ۔ای بی نے  معاشی و  لسانی  پس منظر، نسل یا صنف  سے بالا تر ہو کر ہر طالب علم کو کامیابی کا ایک موقعہ فراہم کیا ہے۔”ااے کے یو۔ای بی نے ماہ مئی میں ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی کے سالانہ امتحانات پاکستان کے 22 شہروں میں قائم 35 مراکز میں منعقد کیے۔ امتحانی مراکز میں نگرانی کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی تاکہ نقل کا کوئی احتمال نہ رہے۔ اس مرحلے کے بعد تمام امتحانی پرچوں کی شفاف جانچ کے لیے ای مارکنگ کا جامع طریقہ کار استعمال کیا گیا۔ امتحانات کے نتائج کا اعلان 30 جولائی کو کیا گیا۔ ایس ایس سی میں کامیاب ہونے والے 21.5 فیصد طلبا نے A-1 گریڈ حاصل کیاجبکہ 52.3 فیصد طلبا نے A اور B گریڈ حاصل کیے۔ اسی انداز کی کامیابی کا مظاہرہ ایچ ایس ایس سی کے طلبا کی جانب سے بھی دیکھا گیا جن میں سے 19.0 فیصد طلبا نے A-1 گریڈ حاصل کیا جبکہ 58.1 فیصد طلبا نے A اور B گریڈ حاصل کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے کے یو۔ای بی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد جیوا نے کہا، ” ہمارے طلبا تنوع کا مظہر ہیں خواہ وہ صنف ہو، جغرافیائی تعلق ہو یا سماجی و معاشی خاندانی پس منظر ہو۔ ان مختلف طلبا نے اے کے یو۔ای بی کے بہترین اور وسیع نظام کو یہ اعتماد بخشا ہے کہ  اے کے یو۔ای بی ایک ایسا امتحانی بورڈ ہے جو پاکستان کے تمام طلبا کے لیے قابل رسائی ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں