249

پی ٹی آئی کے رہنما امین الرحمن کی شکایت پر صارف عدالت چترال نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ایل پی جی کے نرخنامے کالعدم 

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) پی ٹی آئی کے رہنما امین الرحمن کی شکایت پر صارف عدالت چترال نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ایل پی جی کے نرخنامے کو کالعدم قرار دے دیا جسے ڈپٹی کمشنر چترال کے حکم سے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے 29اکتوبر کو جاری کیا تھا۔ شکایت کنندہ نے درخواست میں موقف اپنا یا تھا کہ چترال میں ایل پی جی کی فی کلوگرام قیمتوں میں کمی اوگرا کی طرف سے گیس کی قیمتوں میں لائی جانے والی کمی سے مطابقت نہیں رکھتی جس کے نتیجے میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ چترال کے صارفین کو نہیں پہنچا۔ عدالت نے 27نومبر کو اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کو اوگرا کی مقررکردہ قیمتوں میں ردوبدل کا اختیار نہیں ہے اور اس طرح انہوں نے اپنے اختیار سے تجاوز کیا ہے جوکہ ایل پی جی کے سادہ لوح صارفین کے ساتھ دھوکہ دہی ہے۔ عدالت نے انہیں مزید ہدایت کی ہے کہ آئندہ کے لئے اس غلطی کو نہ دہرائیں ۔ عدالت نے ایل پی جی کے تمام ڈیلروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اوگرا کی طرف سے یکم نومبر کو جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق گیس فروخت کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں