318

چترال میں کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال ) ڈی پی او چترال عباس مجید مروت نے کہا ہے ۔ کہ جرائم کی روک تھام ، منشیات پر کنٹرول اور کمیونٹی کے اندر معمولی نوعیت کے تنازعات کے حل میں کمیونٹی پولیسنگ اہم کردار ادا کرے گی ۔ اس سے عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔اور صحت مند و جرائم سے پاک معاشرے کی تشکیل کیلئے پولیس اور کمیونٹی کا باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نےگذشتہ روز پارٹسپیٹری رورل ڈویلپمنٹ سوسائٹی (پی آر ڈی ایس) کے زیر اہتمام یو این ڈی پی کے تعاون سے چترال میں کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں لوکل باڈیز کے ممبران ، عمائدین علاقہ ڈسٹرکٹ بار اور پریس کے نمایندگان موجود تھے ۔ ڈی پی او نے کہا ۔ کہ چترال کے 83ویلج کونسل کے 493ممبران کو اس حوالے سے ٹریننگ دی جائے گی ۔ تاکہ اس کے مطلوبہ مقاصد حاصل کئے جا سکیں ۔ پراجیکٹ منیجر پی آر ڈی ایس سید علی شاہ نے اس حوالے سے پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا ۔ کہ یو این ڈی پی نے کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے لوئر دیر ، اپر دیر اور چترال میں کام کا آغاز کیا ہے ۔اور ابتدائی طور پر ایون ، شغور اور دروش کے پولنگ سٹیشنوں کو ماڈل پولنگ سٹیشنز بنایا جائے گا ۔ جس میں انوسٹگیشن ، کمیونٹی پولیسنگ ،اور جینڈر رسپانسیو پولنگ ڈیسک کے علاوہ محر ر روم تعمیر کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔کہ تینوں سٹیشنوں میں کمیونٹی پولیسنگ فورم اور ویلج پولیس لائزا ن فورم قائم کئے جائیں گے ۔ جو کہ لوکل باڈیز ممبران ، کمیونٹی کے افراد اور پولیس آفیسرز پر مشتمل ہوں گے ۔ جن کی نگرانی پی آر ڈی ایس کرے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ویلج لائزان کمیٹی کے ممبران کا پولیس سے قریبی رابطہ ہوگا ۔ اور اُن کی نشاندھی پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ تاہم اطلاعات فراہم کرنے والے افراد کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا ۔ ڈی پی او چترال اور تقریب میں شامل مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ذمہ دار افراد نے اس سلسلے میں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں