345

کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی۔۔۔تحریر: رانا اعجاز حسین چوہان 

میڈیا اطلاعات کے مطابق مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ظلم اور بدترین ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ روز بھارتی فوج نے ظالمانہ آپریشن میں گیارہ کشمیریوں کو شہید اور 235سے زائد کو زخمی کردیا ۔ کشمیریوں کی شہادت کے بعد وادی میں ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین کو روکنے کے لیے قابض فوج کی جانب سے آنسو گیس اور پیلٹس کا استعمال کیا گیا، جبکہ یہاں حریت رہنماؤں کو بلا وجہ گرفتار کر کے حبس بے جا میں رکھا گیا ۔ واضح رہے کہ بھارتی قابض فوج نے ماہ نومبر میں اڑتالیس بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے جبکہ شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی ۔ بھارتی فوج کی فائرنگ، پیلٹس اور آنسو گیس کی شیلنگ سے ماہ اکتوبر میں بھی 196کشمیری شدید زخمی ہو ئے۔ بھارت جہاں شب و روز پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف اور خطے کی صورتحال کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے اربوں ڈالر مالیت کے جدید اسلحے اور ڈرونز کی خریداری کے معاہدے کررہا ہے تو دوسری جانب مقبوضہ وادی کشمیر میں تحریک آزادی کو کچلنے کے لئے نہتے کشمیری مسلمانوں پر سنگین ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی روا رکھے ہوئے ہے۔ بھارتی فوج کی اس سفاکیت پر جب پر امن مظاہرین احتجاج کرتے ہیں تو انہیں گولیوں اور آنسو گیس کے گولوں سے نشانہ بنایاجاتا ہے۔ ہمالیہ کی گود میں ماضی کی جنت نظیر کہلانے والی یہ بدنصیب سرزمین کئی عشروں سے آگ وآہن، تباہی وبربادی، خون ناحق، حقوق انسانی کی بدترین خلاف ورزیوں، لٹی عصمتوں، اجڑی بستیوں، خزاں رسیدہ سبزہ زاروں، حسرت ناک کھنڈرات میں تبدیل ہوئی شان دار عمارتوں اور بے بس عوام کا مسکن بن چکی ہے۔ یہاں بلند چوٹیوں سے دل موہ لینے والے چشمے اب لہو ابل رہے ہیں، یہاں کی میٹھی خوشبومیں بارود کی زہریلی ملاوٹ شامل ہوچکی ہے، ہر گھر اور ہر فرد فریاد کرتا ہوا نظر آتا ہے ،یہاں ایک شخص کو انسانی ڈھال بنا کر جیپ کے آگے باندھا جاتا ہے اور اس جرم کا ارتکاب کرنے والے بھارتی فوجی افسر کو میڈلز دیئے جاتے ہیں۔ جبکہ آزادی ایک ایسی نعمت ہے جو کسی بھی انسان کو اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ اور کوئی بھی قو م اپنی ثقافت روایات اور مذہبی آزادی کے تحت اپنی زندگی بطور آزاد شہری گزار سکتی ہے، اور جب کسی قوم کو زبر دستی زیر کرنے یا پھران کے حقو ق سلب کرنے کی کوشش کی جائے تو وہ ہتھیار تو کیا اپنی جان خطرے میں ڈال کر اپنے حقوق کا دفاع کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان نے کئی بار وادی لہو رنگ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ میں پہنچایا اور ہر بار اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دے کر اس کے حل کے لئے بھارت پر زور دیا گیا، لیکن کیا وجوہات ہیں کہ اقوام متحدہ بھی اپنی قرار دادوں پر عملدر آمد کرنے میں بے بس نظر آتا ہے۔لاکھوں کشمیری عوام حق خود اردایت کے حصول کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں ، لیکن بھارت کبھی بھی مسئلہ کشمیر کے حل میں مخلص نہیں رہا ۔ سات لاکھ سے زائد بھارتی فوج وحشیانہ کاروائیوں کی مدد سے کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوششوں میں مصروف جبکہ بھارتی میڈیا منفی پراپیگنڈہ پر عمل پیرا ہے ۔
جہاں تک عالمی طاقتوں کا تعلق ہے ان کا اپنا طویل المدت مفاد اسی میں ہے کہ پاکستان اور بھارت میں کبھی امن و امان قائم نہ ہو کیونکہ یہ تاریخی خطہ لا محدود وسائل و معدنیات سے مالامال ہے ،اور کہیں یہ آپس میں کوئی سمجھوتہ کرکے عالمی سیاست میں اپنا کوئی کردارادا کرنے کے قابل نہ ہوجائیں، اور بعید از قیاس نہیں کہ اس پر بھی متفق ہوں کہ اسلام کے نام پر قائم ہونے والی ایٹمی ریاست جوکہ برادر دوست ملک چین کے ساتھ پاک چین اقتصادی راہداری، ون بیلٹ ون روڈ کے منصوبے پر عمل پیرا ہے کہیں اقوام عالم کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل نہ ہو جائے ۔ خود امریکہ سلامتی کونسل کی اس متفقہ قرارداد کے محرکین میں سے تھا جس میں جمو ں و کشمیر کے عوام کو رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا تھا بعد میں جب بھارت اس قرارداد سے منحرف ہوگیا تب بھی امریکہ اپنے موقف پر قائم رہا اور کئی بار اس کے خلاف روس کی مدد سے پیش کی جانے والی قراردادوں کو ویٹو بھی کرتا رہا۔ پاکستان اس کی اسی اصول پسندی کی وجہ سے سوویت یونین کی اشتراکی یلغار کے مقابلے میں امریکہ کے ساتھ کھڑا رہا مگر جب سوویت یونین ٹوٹ گیا، افغانستان سے روس کو پاکستان کی مدد سے نکال دیاگیا تو امریکہ کی ترجیحات بدلنے لگیں، اب مقبوضہ ریاست میں کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑنے والے بھارت اور اس کی فوج کی مذمت میں ایک لفظ نہیں کہا جاتا اور الٹا حریت پسند تنظیم حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو عالمی دہشتگرد قرار دے دیا جاتا ہے۔دنیا میں سپر پاور کہلانے والا امریکہ جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی یا کسی دوسرے بہانے عراق، لیبیا، افغانستان، شام اور دوسرے ملکوں پر نیٹو اتحادیوں کو ساتھ لے کر چڑھ دوڑتا ہے ، مگر اسے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ انسانوں کا بہتا ہوا لہو نظر نہیں آتا۔ مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر بھارتی مظالم پر عالمی امن کے ٹھیکے داروں کی پراسرار خاموشی معنی خیز ہے ۔ بھارت آج سیکولر ریاست کے بجائے مکمل طور پر انتہاء پسند ہندو ریاست میں تبدیل ہوچکا ہے جہاں مسلمانوں اور سکھوں سمیت کسی بھی اقلیت کو چین اور سکون سے رہنے نہیں دیا جاتا، جبکہ عالمی امن کے علمبردار اپنے وسیع تر مفاد میں بھارت کے ساتھ جدید ہتھیاروں کی فروخت کے معاہدے کررہے ہیں ، جبکہ پاکستان جو کہ ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرتا آیا ہے ، کو بلیک لسٹ میں شامل کردیا جاتا ہے۔ نہتے کشمیری مسلمانوں پر بھارت کے بدترین مظالم کا سلسلہ رکوانے اور پاکستان بھارت دونوں ملکوں کے تعلقات معمول پر لانے اور بر صغیر میں امن و استحکام کے قیام کے لئے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق، اور پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاناضروری ہے۔ کیونکہ مسئلہ کشمیر دنیا کے دیرینہ تنازعات میں سے ایک ہے جس کی وجہ سے برصغیر کے ڈیڑھ ارب لوگ اذیت میں مبتلا ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دشمنی کی وجہ سے تجارتی تعلقات نہ ہونے کے برابر ہیں، ہیومن ڈیویلپمنٹ انڈیکس پر دونوں ملک بہت نیچے ہیں، جبکہ مسئلے کے بنیادی فریق ریاستی عوام بنیادی حقوق سے محروم ،منقسم اور ریاستی جبر کا شکار ہیں، اس پورے خطے میں امن کی بحالی اور ترقی کے لیے اس تنازعہ کا حل ناگزیر ہے۔ امریکہ ، روس ، چین اور دوسری بڑی طاقتوں سمیت پوری عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں اور اسے بامقصد مذاکرات کی میزتک لانے میں مثبت کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں