391

بھٹو خاندان کے خلاف ایک گہری اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سازش کرتے ہوئے ان کو راستے سے ہٹائے گئے/ضلعی صدرسلیم خان

چترال(نمائندہ ڈیلی چترال) پی پی پی کی شہید چیئر پرسن اور سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی گیارہویں برسی چترال میں بھی انتہائی عزت واحترام کے ساتھ منائی گئی اور چترال کے ٹاؤن ہال میں تقریب منعقد ہوئی جس میں بھٹو خاندان کے شہداء کے لئے اجتماعی دعا کے بعد ملک میں جمہوریت کی بقا اور غریبوں کو ان کا حق دینے ، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے اور اسے ترقی یافتہ ممالک کے صف میں لانے اور اسلامی دنیا کی یکجہتی میں شہید ذولفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ پی پی پی کے ضلعی صدر اور سابق صوبائی وزیر سلیم خان کے زیر صدارت اس اجلاس میں ضلع بھر سے پارٹی کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سلیم خان کے علاول محمد حکیم ایڈوکیٹ، سجا د اخوند، خوش محمد، عبدالحمید، عالم زیب ایڈوکیٹ ، شریف حسین، اقبال مراد، شیر جوان اور دوسروں نے کہاکہ بھٹو خاندان کے خلاف ایک گہری اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سازش کرتے ہوئے ان کو راستے سے ہٹائے گئے مگر ان کو معلوم ہونا چاہئے کہ ہر گھر سے نکلنے والے بھٹو کو ختم کرنا ان کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی قائدین ملکی صورت حال کے بارے میں جو بھی فیصلہ کریں ہم اس پر لبیک کہہ دیں گے۔ انہوں نے اپر چترال کو ضلعے کا درجہ دینے مگر سہولیات اور فنڈز فراہم نہ کرنے پر پی ٹی آئی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مستوج سب ڈویژن کے عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم احتساب کے عمل کے مخالف ہرگز نہیں ہیں مگر ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان احتساب کا یہ عمل اپنے گھر سے شروع کرے اور چوروں لٹیروں کو اپنے گود میں بیٹھانے اور دوغلا پن کا سلسلہ ترک کردے۔ انہوں نے چترال کے منتخب ایم این اے اور ایم پی اے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ بیان بازی سے آگے کچھ نہیں جانتے اور چند ماہ کے دوران ہی اپنی نااہلیت کو عوام کے سامنے اشکارا کردیا۔ انہوں نے کہاکہ سابق دور حکومت میں منظور شدہ اے ڈی پی کو ختم کرنے پر بھی کوئی حرکت نہیں کی اور زبان سے تالا کھولنے کی زحمت گوارا نہیں کی جس کی وجہ سے کئی سال پیچھے چلاجائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں