211

بلاول سمیت قائدین کے نام ای سی ایل میں ڈال کرحکومت نے بزدلی دکھائی،سعدیہ دانش

گلگت بلتستان کے صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور دیگر قائدین کے نام ای سی ایل میں ڈال کر وفاقی حکومت نے بزدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے حکومت کی بوکھلاہٹ اور حواس باختگی کا اندازہ ہو رہا ہے۔تحریک انصاف دراصل تحریک انتقام بن چکی ہے۔بنی گالہ میں غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ گھر کا مالک وزیراعظم کے منہ سے احتساب کی باتیں اس صدی کا سب سے بڑا لطیفہ ہیں۔اگر ای سی ایل میں نام ڈالنے ہیں تو پھر وزیر اعظم عمران خان،علیمہ خان،جہانگیر ترین اور پرویز خٹک سمیت ان وزراء کے نام بھی ای سی ایل میں ڈال دئے جائیں جن پر احتساب عدالت میں کیس چل رہے ہیں۔ملک کے پسے ہوئے,محروم طبقات اور گلگت بلتستان,بلوچستان اور پختون عوام کی محرومیوں پر آواز بلند کرنے کی پاداش میں بلاول بھٹو کے خلاف انتقامی کاروائی کر کے حکومت عوام کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان کے چھے روزہ دورے میں جس طرح یہاں کے حقوق کی بات کی اور کل بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر گلگت بلتستان سے متعلق جس طرح سے دوٹوک موقف دیا اس سے وفاقی حکومت مکمل طور پر حواس باختہ ہوچکی ہے۔گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں وہ اپنے محسن اور لیڈر کا ساتھ دینا جانتے ہیں اور عمران خان نے بھٹو خاندان کے خلاف جو طبل جنگ بجایا ہے کراچی کے ساحلوں سے خنجراب کے ٹاپ تک اسکا منہ توڑ جواب آئے گا۔عمران خان نے جس طرح گلگت بلتستان کے حقوق کو کشمیر کے تنازعے سے جوڑا اسکی بھرپور مزمت کرتے ہیں۔استصواب رائے کا گلگت بلتستان کے حقوق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔گلگت بلتستان کے عوام اس کا جواب حکومت وقت کو ضرور دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں