309

چترال کے سیاحتی باب میں خوشگوار اضافہ، پہلی مرتبہ چترال میں سنو سپورٹ فیسٹیول منعقد کی جارہی ہے

دروش(نامہ نگار) ضلع چترال کے سیاحتی باب میں ایک نیا اضافہ ہونے جارہا ہے ، فروری کے مہینے میں دروش کے علاقہ مڈکلشٹ میں پہلی مرتبہ ’’ سنو فیسٹیول ‘‘منعقد ہورہی ہے جس میں نہ صرف چترال بلکہ دیگر علاقوں سے بھی کھلاڑی اور سیاح شرکت کریں گے۔چترال میں قائم ہندوکش سنو سپورٹس کلب پاکستان ائیر فورس اور ونٹر سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کیساتھ کے تعاؤن سے اپنے نوعیت کے اس منفر د اور پہلے سرمائی میلے کا انعقاد کر رہی ہے ۔ہندوکش سنو سپورٹس فیسٹیول 15سے 17فروری تک مڈکلشٹ میں منعقد ہوگی۔ اس میلے میں اسکئینگ، سنو بورڈنگ، آئس اسکیٹگ اور سنو ہاکی کے مقابلوں کے علاوہ مقامی روایتی سرمائی کھیل اور میوزیکل پروگرامات بھی ہونگے۔ اس سلسلے میں ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ہندوکش سنو سپورٹس کلب چترال کے صدر شہزادہ محمد حشام الملک نے کہا کہ اس میلے کے انعقاد کا مقصد چترال میں سرمائی کھیلوں کے سرمائی ٹورزم کو ترقی دینا اور سیاحت کے حوالے سے نئے مقامات کو بھی دنیا کے سامنے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ ہے اور مستقبل میں مڈک لشٹ کے علاوہ اور بھی ایسے مقامات ہیں جہاں پر ایسے ایونٹ منعقد کرائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں نلتر گلگت میں منعقد ہونے والے سنو فیسٹیول میں چترال سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور ان میں مڈکلشٹ سے نوجوان شامل تھے۔ اب سنو سپورٹس کا چترال میں بھی پذیرائی ملے گی اور اس ضمن میں کام کرنے کیلئے ہندوکش سنو سپورٹس کلب قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ونٹر فیسٹیول کی کامیابی چترال میں سیاحت کو ایک نئی راہ فراہم کریگی جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور سرمائی کھیلوں کے حوالے سے چترال بھی نلتر اور مالم جبہ کی طرح پاکستا ن میں ایک اور پرکشش مقام کے طور پر ابھرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں