265

پٹواریو ں کی عزت نفس کو بیوروکریسی کے ہاتھوں پامال ہونے کی اجازت ہرگز نہیں دے سکتے/صوبائی صدرخان زادہ خان

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) انجمن پٹواریان وقانون گویان خیبر پختونخوا کے صدر خان زادہ خان جدون نے گزشتہ آٹھ دنوں سے جاری پٹواریوں کے قلم چھوڑ ہڑتال کو دو ہفتوں کے لئے موخر کرنے کا اعلان کردیا جوکہ بونی میں سیٹلمنٹ آفس کو اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے تالا لگانے اور عملے کو دفتر سے باہرنکالنے پر شروع کیا گیا تھا۔ بدھ کے روز چترال میں پٹواریوں اور قانون گوؤں کے ضلعی سطح پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پٹواریو ں کی عزت نفس کو بیوروکریسی کے ہاتھوں پامال ہونے کی اجازت ہرگز نہیں دے سکتے اور دو ہفتوں کے اندر صوبائی حکومت کی طرف سے مقرر کردہ انکوائری کی رپورٹ نہ آنے اور واقعے میں ملوث افسران کے خلاف کاروائی نہ ہونے کی صورت میں وہ ہڑتال دوبارہ شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ماہ جون سے پہلے پہلے پٹواریوں کی ملازمت وزیر اعظم عمران خان کی وژن کے مطابق مستقل ہوجائے گی جوکہ کروڑوں افراد کو ملازمت دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔ اس موقع پر انجمن کے صوبائی سرپرست اعلیٰ حنیف خان جدون المعروف شاہ گل نے لینڈریکارڈ زکی کمپیوٹرائزیشن کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اس کا سوفٹ وئر محکمہ مال کی ضروریات کو پور ا نہیں کرتی اور اس کے نتیجے میں زمینوں کی ریکارڈ درست ہونے کی بجائے اور بھی بگڑ جائیں گے اور ہر گاؤں میں خانہ جنگی کی کیفیت پیدا ہوگی۔ انہوں نے اس سلسلے میں لینڈ ریکارڈ، لینڈ ریونیو اور آئی ٹی کے ماہرین پر مشتمل انکوائری کمیٹی بناکر سوفٹ وئر کا دوبارہ جائز ہ لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن میں ملوث تو بیوروکریسی ہے لیکن کرپشن کا کھاتہ پٹواری کے کھاتے میں ڈالنے کی مذموم کوشش ہورہی ہے اور یہ سلسلہ کئی دہائی سالوں سے جاری ہے۔ ضلعی صدر قادر امان نے اپنے خطاب میں کہاکہ بونی کے تکمیل گھر کا واقعہ بظاہر تو چھوٹا واقعہ لگتاہے لیکن اس کے مضمرات بہت ذیادہ ہیں جس میں پٹواریوں کی عزت پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش ہوئی ہے جس میں اے سی کے ساتھ تحصیلدارموڑکھو رب نواز برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے ایجوکیشن کے انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افیسر کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دینے پر صوبائی حکومت کو شکریہ اداکیا۔ ایسوسی ایشن کے دیگر صوبائی رہنما ذیشان جدون، اختر بادشاہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چترال کے پٹواریوں کویقین دلائی کہ وہ ان کے ساتھ ہیں۔ سلطان مراد خیالی ، اشرف حسین اور دوسرے مقامی رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں