216

گلگت میں ایک اور امریکی کی جانب سے مارخور کا شکار

گلگت میں شکار کے موسم کے دوران ایک اور امریکی نے بیش قیمت پاکستان کے قومی جانور مارخور کا شکار کر کے اسے موت کی نیند سلا دیا۔ گلگت بلتستان کے محکمہ جنگلی حیات کے مطابق برائن کنسل ہارلن نے سسی ہارموش برادری کے جانوروں کے تحفظ کے لیے بنائے گئے علاقے میں خوبصورت سینگوں والے مارخور کا شکار کیا. اس علاقے میں نایاب اس جنگلی جانور کا شکار کرنے کے لیے امریکی شہری نے پرمٹ کی مد میں ایک لاکھ 10ہزار ڈالر کی ریکارڈ فیس ادا کی۔ یہ اب تک پاکستان میں پرمٹ کی مد میں ادا کی گئی سب سے بڑی رقم ہے۔غیر ملکی شکاری اس کے ساتھ ساتھ 41انچ کی مارخور ٹرافی کا بھی شکار کرنے میں کامیاب رہے جسے ایک اچھی ٹرافی تصور کیا جاتا ہے۔ امریکی شہری نے کہا کہ ٹرافی کا شکار آسان تھا اور میں یہ ٹرافی حاصل کرنے پر بہت خوش ہوں۔ برائن کنسل حالیہ عرصے کے دوران پاکستان میں مارخور کا شکار کرنے والے تیسرے امریکی شہری ہیں۔21 جنوری کو ایک اور امریکی شہری ڈیانڈا کرسٹوفر نے ایک لاکھ پانچ ہزار روپے کی بھاری رقم پرمٹ کی مد میں ادا کر کے بیش قیمت ایستور مارخور کا شکار کیا تھا۔ ان سے قبل 16 جنوری کو جان امستوسو نے جانوروں کے تحفظ کے لیے بنائے گئے گلگت کے علاقے بنجی میں ایک لاکھ ڈالر کی رقم بطور پرمٹ ادا کر کے ایستور مارخور کا شکار کیا تھا۔ 2018-19 کے ٹرافی ہنٹنگ سیزن کی مد میں اب تک گلگت بلتستان میں غیرملکیوں کی جانب سے 50جنگلی جانوروں کا شکار کیا جا چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں