250

چترال شہر اور مضافات میں گذشتہ روز شروع ہونے والی بارش اور برفباری کا سلسلہ بدھ کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری

چترال( محکم الدین ) چترال شہر اور مضافات میں گذشتہ روز شروع ہونے والی بارش اور برفباری کا سلسلہ بدھ کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ لواری ٹنل روڈ پر ایک فٹ سے زیادہ برف پڑنے کی وجہ سے آمدورفت بدھ کے روز مکمل طور بند رہی ۔ اور درجنوں گاڑیوں کے سینکڑوں مسافر اور لوکل سیاح دیر اور چترال سائڈ پر پھنسے رہے۔ جس سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ چترال کے کالاش ویلیز میں شدید برفباری ہوئی ہے ۔ جبکہ گرم چشمہ روڈ پر موغ کے قریبی علاقے میں گذشتہ رات برف کا تودہ گرنے سے روڈ بند ہو چکا تھا۔ جسے کھول دیا گیا ہے ۔ تاہم گرم چشمہ ایریا میں برف زیادہ پڑنے کے باعث لوگوں کو غیر ضروی سفر سے احتراض برتنے کی ہداہت کی گئی ہے ۔ اپر چترال میں برفباری لوئر چترال کی نسبت کم ہوئی ہے ۔ تاہم سردی عروج پر ہے ۔ اور اپر چترال کے عوام مسلسل لوڈ شیڈنگ کے باعث انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں ۔ جبکہ لوئر چترال میں بھی آئے روز کی لوڈ شیڈنگ سے لوگ تنگ آ چکے ہیں ۔ لیکن کوئی بھی پوچھنے والا نہیں ۔ کہ آخر 30ارب روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ 106 میگاواٹ گولین ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بجلی کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا ۔ کوئی پتہ نہیں ۔ عوامی حلقوں نے ممبران اسمبلی کی بے حسی پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ اور کہا ہے ۔ کہ جو نمایندگان چترال میں پیدا ہونے والی بجلی عوام کو مہیا کرنے کے قابل نہیں ہیں ۔ ان سے پشاور اور اسلام آباد میں ان کے حقوق کے تحفظ کی کیا توقع رکھی جا سکتی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں