410

جامعہ نصرۃ الاسلام کا سالانہ کانووکیشن چھ مارچ کو ہوگا۔ جامعہ فاروقیہ کراچی کے ڈاکٹر عادل خان مہمان خصوصی ہونگے۔

گلگت( حقانی سے)جامعہ نصرۃ الاسلام گلگت کے شعبہ بنین وبنات کا سالانہ کاونوکیشن چھ مارچ کو ہوگا جس میں جامعہ فاروقیہ کراچی کے شیخ الحدیث و مہتمم وفاق المدارس کے صدر مولانا سلیم اللہ خان کے جانشین مولانا ڈاکٹر عادل خان خصوصی شرکت کریں گے اور ختم بخاری کا آخری درس حدیث بھی دیں گے۔ مولانا ڈاکٹر عادل خان گلگت بلتستان کے جید علماء کرام اور دیگر ذمہ دار لوگوں سے خصوصی ملاقاتیں بھی کریں گے، جامعہ فاروقیہ کراچی کے فضلاء سے بھی ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جائے گا۔چھ مارچ میں ہونے والے سالانہ کانووکیشن میں جامعہ نصرۃ الاسلام کے شعبہ بنات کی دورہ حدیث سے فارغ ہونے والی ۲۵ عالمات کیساتھ شعبہ حفظ سے فارغ ہونے والی پانچ حافظات کی خمار بندی کی جائے گی جبکہ شعبہ بنین کے تیس حفاظ کرام کی بھی درستار بندی کی جائے گی۔وفاق المدارس العربیہ گلگت بلتستان کے ڈائریکٹر مولانا حبیب اللہ دیداریؔ نے کہا کہ ڈاکٹر عادل خان کے گلگت آنے کے تمام انتظامات مکمل کیے جاچکے ہیں۔سال ۲۰۱۹ء کو گلگت بلتستان میں ہزاروں طلبہ و طالبات وفا ق المدارس کے سالانہ امتحانات میں شرکت کریں گے جو۲۶ مارچ سے شروع ہونگے اور ۱۳ اپریل کو اختتام پذیر ہونگے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پورے گلگت بلتستان میں حفظ و درس نظامی کے درجنوں سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔ پہلی دفعہ بلتستان میں بھی وفاق المدارس کے طلبہ کے لیے وفاق المدارس کا امتحانی سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ بلتستان میں وفاق کا طالبات کے امتحانی سینٹر کی کامیابی کے بعد طلبہ کے لیے بھی سینٹر کی منظور ی ہوچکی ہے، آئندہ طلبہ و طالبات بلتستان میں ہی امتحان دیں گے۔ جامعہ نصرۃ الاسلام کے اراکین شوریٰ و اساتذہ کرام کی ایک میٹنگ جامعہ کے ناظم تعلیمات مولانا سلیم کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں سال بھر کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔مولانا سلیم نے بتایا کہ سال ۲۰۱۹ء کو جامعہ میں پانچ سو سے زائدطالبات جبکہ بنین میں چار سو طلبہ نے تعلیم حاصل کی۔جامعہ کے شعبہ کتب ۷۵ طلبہ وفاق المدارس کے سالانہ امتحان میں شریک ہونگے جبکہ ۱۴۵ طالبات وفاق المدارس کے درس نظامی کے سالانہ امتحانات میں شرکت کریں گی۔ غیر وفاقی طلبہ و طالبات کے سالانہ امتحانات چھ اپریل سے پہلے منعقد ہونگے۔مولانا سلیم نے مزید بتایا کہ جامعہ کے سالانہ کانووکیشن کی اطلاعات دیگر مدارس و جامعات کو دی جاچکی ہے اور علماء کرام کو دعوت نامے بھی جلد ارسال کیے جائیں گے۔ مولانا سلیم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ ایک ایسا پروگرام ہے جس میں تمام مسلمانوں کو دعوت عام ہے۔ اس پروگرام میں گلگت بلتستان کے جید علماء کرام اور چلاس و کوہستان کے بزرگ علماء خصوصی شرکت کریں گے، جن کو دعوت نامے نہ ملے ان کو اخبار کے ذریعے مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ پروگرام میں شرکت کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں