196

وطن عزیز کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے/مقریرین کاجلسے سے خطاب

چترال(ڈیلی چترال نیوز) جمعہ کے روز بھارتی جارحیت کے خلاف چترال میں تاجر برادری،سول سوسائٹی اورمختلف مکتبہ فکرکے لوگوں نے اپرچترال،گرم چشمہ ،کالاش ویلیز،دروش اوردیگرعلاقوں سے ریلی نکالی، ریلی کے شرکا ء نے چترال کے مختلف علاقوں پر گشت کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ سب سے بڑا جلسہ چترال شہر میں اتالیق چوک میں منعقد ہوا جس سے رکن صوبائی اسمبلی چترال مولاناہدایت الرحمن،ضلع ناظم مغفرت شاہ ، ضلعی صدرپاکستان تحریک انصاف عبدالطیف،ممتازعالم دین قاری جمال عبدالناصر،قاری نسیم،صدرتجاریونین چترال،صدرچترال پریس کلب ظہیرالدین ، شبیراحمد،صدرڈرائیوریونین صابراحمد،وقاص احمدایڈوکیٹ،صلاح الدین طوفان،حاجی عبدالجلیل ، مولانا جاوید الرحمن ،سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن، مولانا خلیق الزمان، مولانا ہدایت للہ، جہانگیرجگر،مولانااسرارالدین الہلال اوردیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملکی سلامتی کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اور وطن عزیز کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج پوری قوم نے دیکھ لیا ہے ،پاک فوج کے فوری اقدام سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایٹمی قوت ہے جو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کی آنکھیں نکال دیں گے بھارتی جارحیت کامنہ توڑجواب دیاجائے گا۔ مظاہرین نے مودی کا پتلہ نظر آتش کر کے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا اورکہاکہ مودی سرکار الیکشن میں کامیابی کے لیے ایسا جارہانہ رویہ اپنائے ہوے ہے جس سے خطے کا امن تباہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ پاک فوج کو انڈین ایئر فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دینے پر سلام پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر معروف عالم دین مولانا اسرا رالدین الہلال نے بھارتی جہاز گرانے والے پائلٹ حسن صدیقی کے لئے چترالی چغہ اور ٹوپی انعام دینے کا اعلان کیا۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں