192

غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور واپڈا کی طرف سے لوگوں کے میٹرز نکالنے پر دروش میں احتجاجی مظاہرہ

چترال(نامہ نگار)دروش میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنے اور بغیر کسی نوٹس کے صارفین کے میٹرز اتار نے کے خلاف اتوار کی شب دروش میں صارفین نے معروف مذہبی و سیاسی شخصیت قاری جمالع عبدالناصر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاجی مظاہرے خطاب کرتے ہوئے قاری جمال عبدالناصر نے کہا کہ چترال میں وافر مقدار میں بجلی کی دستیابی کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالا تر اور دانستہ طور پر عوام کو پریشان کرنے کی ایک سوچی سمجھی چال ہے جسکی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کردیا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ دروش میں کسی صورت میں بھی لوڈشیڈنگ برداشت نہیں کی جائیگی۔ قاری جمال عبدالناصر نے کہا کہ ایس ڈی او پیسکو کی طرف سے دروش بازار آکر بجلی کے میٹروں کو بغیر نوٹس کے نکال کر لے جانا بدمعاشی ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی اور اگر دو دن کے اندر اندر ایس ڈی او پیسکو نے صارفین کے بجلی کے میٹر دوبارہ نہیں لگوائے تو اُن کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ دروش کے لوگ شریف لوگ ہیں بے غرت نہیں جو اپنے حق کے لئے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرینگے۔اُنہوں نے دروش میں آئندہ لوڈشیڈنگ کی صورت میں عوام سے سڑکوں پر نکل آنے کی حلف بھی لی۔اُنہوں نے کہا کہ واپڈا والے اپنی غفلت کو چھپانے کے لئے لوگوں کے بجلی کے میٹر نکال کر لے گئے ہیں جو کہ دروش کے عوام کو ہرگز منظور نہیں۔اپنے ساتھ ظلم اور زیادتی کے خلاف میدان میں اُترینگے۔اُنہوں نے کہا کہ دروش کے عوام نے لوڈشیڈنگ کے خلاف صبح تک احتجاج کرنے کا پروگرام بنایا تھا تاہم بجلی بحالی اورایس ایچ او دروش کی جانب سے معاملے کو آگے پہنچانے کی یقین دہانی پر آج کا جلسہ ختم کرکے کل سے دوبارہ احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں