تازہ ترین
بنیادی صفحہ >> تازہ ترین >> چترال میں پارٹی کا مستقبل روشن ہے جہاں خدیجہ بی بی جیسی مخلص اور بے لوث اور باچا خان کے سپاہی موجود ہیں/ایمل ولی خان

چترال میں پارٹی کا مستقبل روشن ہے جہاں خدیجہ بی بی جیسی مخلص اور بے لوث اور باچا خان کے سپاہی موجود ہیں/ایمل ولی خان

چترال (نمائندہ ) عوامی نیشنل پارٹی کے نومنتخب صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ صوبائی حقوق کا سب سے بڑا علمبردار جماعت ہونے کے ناطے اس پارٹی کو جب بھی خدمت کا موقع ملا ہے ، چترال کی ترقی کو چارسدہ اور مردان کے برابر فوقیت دے دی اور یہ سلسلہ ہمیشہ کے لئے جاری رہے گا اور اس صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کرنا اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو ترقی کے دوڑ میں سہارا دینا فخر افغان باچاخان کی سیاسی فلسفے کا لازمی جزو ہے ۔ چارسدہ میں اپنی رہائش گاہ ولی باغ میں پارٹی کی صوبائی نائب صدر خدیجہ بی بی کی آمد اور مبارک بادی کے ساتھ چترال کا روایتی تخفہ پیش کرنے کے موقع پر چترال سے متعلق میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 1970ء اور 2010ء کی دہائیوں میں اے این پی کی حکومتوں نے چترال میں نمایان ترقیاتی کام سرانجام دئیے جن میں بجلی گھر، ڈگری کالج اور بائی پاس روڈ شامل ہیں اور یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ یہ چترالی عوام کا حق تھا جسے باچاخان کے پیروکاروں نے پورا کردیا اور وہ کام کردیا جوکہ موجودہ حکمران سو سال میں بھی پورا نہیں کرپائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ چترال میں اے این پی کو تنظیمی لحاظ سے مضبوط بنائیں گے اور بہت جلد ہی چترال کا تفصیلی دورہ کرے گا جہاں کے غیور عوام تک خدائی خدمت گار کا پیغام پہنچانے میں کسر نہیں چھوڑا جائے گا جہاں انتخابات میں بہتر کارکردگی نہ ہونے کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے کہ ارندو سے لے کر بروغل تک عوام کو اس پارٹی کے منشور اور پروگرام سے مکمل طور پر آگاہی حاصل نہ تھی۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں پارٹی کا مستقبل روشن ہے جہاں خدیجہ بی بی جیسی مخلص اور بے لوث اور باچا خان کے سپاہی موجود ہیں اور وہ دن دور نہیں جب چترال میں ہر گھر پر سرخ جھنڈا لہرارہا ہوگا اور اے این پی وہاں ایک ناقابل تسخیر سیاسی قوت کے طور پر ابھرے گی۔ انہوں نے خدیجہ بی بی کی وساطت سے چترال عوام کا شکریہ اداکیا۔

Print Friendly, PDF & Email