242

ائیر مارشل عاصم ظہیرنے چترال کے پہلے سنو سپورٹس سکول کا افتتاح کیا

دروش(نامہ نگار) پاکستان ائیر فورس اور پاکستان ونٹر سپورٹس فیڈریشن کے تعاؤن سے چترال میں پہلے ’’ونٹر سپورٹس سکول‘‘ کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا۔ وائس چیف ائیر اسٹاف ائیر مارشل عاصم ظہیر نے پیر کے روز دروش چھاؤنی میں منعقدہ ایک تقریب میں ونٹر سپورٹس سکول کا باضابطہ افتتاح کیا۔انکے ہمراہ کمانڈر نادرن ائیر کمانڈ ائیر وائس مارشل سرفراز، کموڈور شاہد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر مارشل عاصم ظہیر نے کہا کہ چترال میں ونٹر سپورٹس کے بڑے مواقع ہیں اور یہاں کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، پاکستان ائیر فورس ونٹر سپورٹس کی ترقی کے سلسلے میں ہر ممکن تعاؤن فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں ونٹر سپورٹس سکول قائم کرنے کا مقصد یہاں کے نوجوانوں کو نئے مواقع سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ محنت اور لگن سے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ونٹر سپورٹس سے چترال میں سیاحت کو نئی جہت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے حوالے سے ہمارا ملک یورپ سے زیادہ پر کشش ہے اور لوگ یہاں آنے کے لئے بے تاب رہتے ہیں۔ ائیر مارشل عاصم ظہیر نے چترال میں ونٹر سپورٹس کی ترقی کے سلسلے میں کوششیں کرنے پر ہندوکش سنو سپورٹس کلب کے صدر شہزادہ ہشام الملک کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان سنو سپورٹس فیڈریشن ہر ممکن تعاؤن فراہم کرے گی ۔انہوں نے یقین دلایا کہ مڈک لشٹ روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں وہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ بات کرینگے۔ قبل ازیں ہندوکش سپورٹس کلب کے صدر شہزادہ محمد ہشام الملک نے استقبالیہ خطاب میں معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ونٹر سپورٹس کی ترقی میں پاکستان ائیر فورس کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں سنو اسکئینگ کی ایک تاریخ ہے، پہلی مرتبہ 1928میں چترال کے مڈک لشٹ میں اسکئینگ شروع کی گئی تھی اور مقامی لوگ اب بھی روایتی انداز میں اسکئینگ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس سال مڈک لشٹ میں منعقد ہونے والے پہلے سنو سپورٹس فیسٹیول میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔شہزادہ محمد ہشام الملک نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس، ونٹر سپورٹس فیڈریشن ، چترال سکاؤٹس اور مڈک لشٹ کے مقامی لوگوں کے تعاؤن کے بغیر ونٹر سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں اسکئینگ کی ترقی کے لئے مڈک لشٹ میں ہندوکش سنو سپورٹس کلب کے زیر نگرانی کوچنگ سکول نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ شہزادہ محمد ہشام الملک نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں درخواست پیش کی کہ مڈک لشٹ روڈ کی تعمیرپر توجہ دیجائے اور چترال بالخصوص مڈک لشٹ کے نوجوانوں کو پاکستان ائیر فورس میں بھرتی کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ائیر مارشل عاصم ظہیر نے ونٹر سپورٹس سکول کے لئے منتخب شدہ 30بچوں کو سنو سپورٹس کٹس تقسیم کئے ۔ افتتاحی تقریب میں کمانڈر ناردرن ائیر کمانڈ ائیر وائس مارشل سرفرازخان ، ائیر کموڈور شاہدندیم ، ونگ کمانڈر چترال سکاؤٹس 145ونگ لیفٹیننٹ کرنل خرم نذیر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالولی خان، معروف مذہبی و سماجی شخصیت قاری جمال عبدالناصر، ممبر تحصیل کونسل شیر نذیر ،ناظم عمران الملک، ناظم وقارالدین سمیت علاقے کے منتخب ناظمین اور عمائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عمائدین سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ائیر مارشل عاصم ظہیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کو فتح مل چکی ہے اور اب ہم ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں، اب ہماری تمام تر توجہ ملک کی تعمیر اور ترقی پر مرکوز ہونی چاہئے۔ عمائدین نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی پر ائیر مارشل عاصم ظہیر اور پاک فضائیہ کو مبارکباد پیش کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں