215

ضلع اپر چترال کے قیام کی خوشی میں بونی میں ادبی و ثقافتی پروگرام کا انعقاد

ضلع اپر چترال کےباقاعدہ فنکشنل ہونے کی خوشی میں ضلعی ہیڈکوارٹر بونی میں کہوار قلم قبیلہ نامی ادبی تنظیم نے تحصیل نائب ناظم فخر الدین  کے تعاون سے ادبی و ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا  ۔ پروگرام کے پہلے حصے میں ضلع اپرچترال کے قیام کے بعد علاقے کو درپیش مشکلات اور ان کے حل کے موضوع پر مختلف مقالے پیش کئے گئے ، جس  کی صدارت نامور ماہر تعلیم مکرم شاہ جبکہ مہمان خصوصی پی ٹی آئی چترال کے سنئیر رہنما رحمت غازی کررہے تھے ۔  پروگرام کے آغاز میں چترال کے قدیم ترین ثقافتی پروگرام پھاستیک اور نوہتیک پیش کیا گیا جو دراصل شادی بیاہ کے موقع پر دلہا دلہن کے گھر پہنچنے کی خوشی میں پیش کیا جاتا ہے۔ یہ ثقافت اب دھیرے دھیرے ختم ہوتا جارہا ہے ، ان پروگرامات کے ذریعے معدومیت کے خطرے سے دوچار ثقافتی آئیٹمز کو محفوظ بنانے کی کوشش ہورہی ہے ۔ اس پروگرام کے فنکاروں میں سے اکثریت ضعیف العمری کا شکار یں جبکہ نوجوان نسل اس فن کو آگے لے جانے کے لئے تیار نہیں۔مقریرین  کا کہنا تھا کہ اگر ایسے ثقافتی پروگرامات کی سرکاری سطح پر سرپرستی نہ ہوئی تو یہ قدیم الایام فن کے معدوم ہونے کا امکان ہے اس لئے حکومت وقت اور غیر سرکاری اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ اس فن کے فنکاروں کی سرپرستی کی جائے تاکہ نئے لوگ بھی اس فن کو سیکھ لیں۔

پروگرام کے دوسرےسیشن  میں کہوار محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں بھی کہوار زبان کے نوجوان اور سنئیر شعراء نے بڑھ چڑھ کے حصہ لیا اور حاضرین سے خوب داد سمیٹ لی، مشاعرہ کے اختتام پر محفل موسیقی سجائی گئی جس میں کہوار کلاسیکل موسیقی کے استاد بابا فتح الدین ، میر ولی اور نوجوان گلوکار انصار نعمانی  نے اپنے فن سے حاضرین کے دل موہ لئے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں