188

صوبائی حکومت کے جانب سے خصوصی افراداور اقلیتی نوجوانوں میں دو کروڑ کے چیک تقسیم

پشاور۔۔۔ خیبر پختونخوا حکومت نے یوتھ امپیکٹ چیلنج پروگرام  کے تحت خودروزگاری اور کاروبار کے لئے خصوصی افراد اور اقلیتی نوجوانوں میں دو کروڑ روپے کے چیک تقسیم کئے۔

سینئرصوبائی وزیر کھیل ویوتھ آفیئرز محمد عاطف خان نے نوجوانوں میں پراجیکٹس کی بنیاد پر تین سے 20 لاکھ روپے تک کے چیک تقسیم کی۔

خیبر پختونخوا حکومت نے پچھلے دور سے پانچ سو ملین روپے کا یوتھ امپیکٹ چیلنج پروگرام شروع کر رکھا ہے جس کے تحت نوجوان کاروباری پراجیکٹس پیش کرتے ہیں اور ان کی بنیاد پر انہیں کاروبار کے آغاز کے لئے گرانٹ دی جاتی ہے اس سلسلے میں لمز کے ماہرین نوجوانوں کو تربیت بھی دے رہے ہیں جبکہ صوبے کی آٹھ یونیورسٹیوں کے 27 فیکلٹی ارکان کو بھی تربیت دی گئی ہے جو مزید نوجوانوں کو تربیت دے رہے ہیں۔

پروگرام سے اب تک صوبے بھر میں دوسو سے زائدنوجوان استفادہ کرتے ہوئے اپنا کاروبار شروع کر چکے ہیں۔ سینئر وزیر محمد عاطف نے کہا کہ صوبائی حکومت یوتھ امپیکٹ پرگرام کے ذریعے کمزور افراد کی مدد کر رہی ہے۔

خصوصی افراد کے پانچ فیصد کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا گرانٹ سے خصوصی افراد اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضم قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کے لئے بھی یوتھ امپیکٹ اور کاروبار کے آغاز کا پروگرام شروع کر رہے ہیں حکومت غیر سرکاری تنظیموں کی حوصلہ شکنی نہیں کر رہی جو بھی اچھا کام کر رہی ہے اس کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے لمز کے ذریعے پروگرام اس لئے شروع کیا تاکہ سیاسی مدخلت اور اقرباء پروری کا الزام نہ لگے اچھی شہرت کے حامل اداروں کے ذریعے حقدار تک حق پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کی چھ تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس پر کام شروع کر دیا ہے ایک ہزار گراؤنڈز پراجیکٹ کا دائرہ ضم اضلاع تک بڑھایا جارہا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی پیر فدا محمد ایڈوکیٹ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک،ڈائریکٹرکلچرمحمد نوازخان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ آفیئر سکندر خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں