192

مقامی لوگوں کی کانفرنس گذشتہ دنوں بحرین (سوات) میں منعقد

 چترال(نامہ نگار) چترال ایکسپریس)مقامی لوگوں کی کانفرنس گذشتہ دنوں بحرین (سوات) میں منعقد ہوئی جسمیں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مقامی لوگوں کے نمائندوں نے شرکت کیں۔ اس کانفرنس میں مختلف امور پر گفتگو اور مشاورت ہوئی۔ کانفرنس کے اختتام پر ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جسکے مطابق؛۔ 1۔ شرکاء IBT اور سڈنی یونیورسٹی آسٹریلیا کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس کانفرنس کے انعقاد کے ذریعے مقامی کمیونیٹیز کے نمائیندوں کو آپس میں مل بیٹھنے اور مسائل پر غور کرنے کا موقع فراہم کیا۔ 2۔کانفرنس اعلان کرتی ہے کہ پاکستان کے پہاڑی علاقوں کے مقامی لوگ اپنی مقامی کمیونیٹیز کو اقوام متحدہ کے تحت Indigenous Communities کا درجہ دلوانے کے لیے کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ قومی سطح پر قانون سازی اور پالیسی سازی کے ذریعے مقامی لوگوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوششیں کی جائیں گی۔ 3۔مقامی لوگ اپنی زبانوں اور شناخت پر فخر کریں گے اور کسی قسم کی احساس کمتری کاشکار نہیں ہونگے۔ 4۔کمیونیٹیز آپس میں امن،برداشت،احترام اور تعاؤن کو فروغ دیں گے۔ 5۔پاکستان کی مقامی کمیونیٹیز قومی سرحدوں سے باہر رہنے والی اپنے ہم نسل لوگوں سے رابطوں کو فروغ دیں گے۔ 6۔مقا می لوگوں کو اس قابل بنانے کی کوشش کریں گے کہ وہ مقامی وسائل کو اپنی اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے بہتر طور پر استعمال کرسکیں۔ 7۔مقامی کمیونیٹیز کو اس قابل بنانے کی کوشش کی جائے گی کہ وہ کلچرل ٹورزم کے ذریعے اپنی شناخت کو اجاگر کرسکیں۔ 8۔مقامی ثقافتوں، زبانوں اور تاریخ پر تحقیق کے لیے ایک معیاری ریسرچ جرنل کا اجراء کیا جائے گا۔ نیز ان مقاصد کے حصول کے لیے پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور انٹرنیٹ کا موثر استعمال کیا جائے گا۔ 9۔مقامات کے ناموں میں کی گئی تبدیلیوں کو ختم کرکے روایتی ناموں کی بحالی کے لیے کوشش کی جائے گی۔ 10۔ان تمام مقاصد کے حصول کے لیے ایک مستقل فورم ماؤنٹین کمیونٹیز کولیکٹیو (Mountain Communities Collective, MCC) کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ایک کورکمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں تمام کمیونیٹیز کو نمائندگی حاصل ہوگی۔ یہ اعلامیہ متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ ایم سی سی کے لئے کور کمیٹی تشکیل دی گئی جسمیں پروفیسر ممتاز حسین سرپرست، زبیر طوروالی کنونیئر کے علاوہ ممبران میں فرید احمد(کھوار)، عزیز علی داد (شینا)، معتبر شاہ (انڈس کوہستانی)، لوک رحمت (کالاشہ)، زمان ساگر (گاوری)، عبداللہ (گوربتی)، دولت ولی بیگ (واخی)، عبدالباقی (بٹیری)، حیات محمد خان (دامیلی)، قاضی اسرار الدین (پلولہ)، رحمت علی (یدغہ)، آفتاب احمد (طوروالی)، احسان دانش (بلتی) اور جاوید (بروشسکی) شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں