210

سپریم اپیلیٹ کورٹ :سید ارشد حسین شاہ کو چیف جج تعینات کردیا گیا

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان میں سید ارشد حسین شاہ کو چیف جج تعینات کردیا گیا ہے اور وزیراعظم آفس سے ان کی تعیناتی کے لئے بھیجی گئی سمری کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گورنر گلگت بلتستان کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت سید ارشد حسین شاہ سپریم اپیلیٹ کورٹ کے چیف جج تعینات کئے گئے ہیں گورنر نے گورننس آرڈر 2018کے آرٹیکل 75(8) اور آرٹیکل75(10)کے تحت سید ارشدحسین کو چیف جج تعینات کرنے کی سمری ارسال کی تھی،سید ارشد حسین شاہ کی تعیناتی کی منظوری کا ہفتہ کو وزیراعظم آفس سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے،ارشد حسین شاہ کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے اور وہ ڈپٹی اٹارنی جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں،سید ارشد حسین شاہ کی حلف برداری کے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں اور چند روزمیں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اپیلیٹ کورٹ میں عدالتی امور بحال ہوجائیں گے، واضح رہے کہ سپریم اپیلیٹ کورٹ مارچ کے وسط سے اب تک مکمل طور پر ججز سے خالی ہے، اپیلیٹ کورٹ کے واحد جج اور قائم مقام چیف جج جاوید اقبال کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد گلگت بلتستان کی اعلیٰ عدلیہ میں کوئی جج موجود نہیں، اس سے پہلے 2008ء میں بھی اعلیٰ عدلیہ ججز سے خالی ہو گئی تھی، اگست 2016ء میں سپریم اپیلیٹ کورٹ کے جسٹس شہباز کے انتقال کے بعد سے اب تک ان کی جگہ کسی کو بھی تعینات نہیں کیا جا سکا جس کے بعد اپیلیٹ کورٹ دو ججوں پر چلتی رہی، سابق چیف جج رانا محمد شمیم اگست2018ء کو ریٹائر ہوئے تو جاوید اقبال قائم مقام چیف جج بن گئے وہ سپریم کورٹ میں واحد جج اور قائم مقام چیف جج بھی تھے،ان کا دورانیہ مارچ کے وسط میں مکمل ہوا جس کے بعد صوبے کی اعلیٰ ترین عدلیہ ججز سے مکمل طور پر خالی ہو گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں