283

خیبرپختونخوا حکومت نے دنیا کے بلند ترین مقام پر سجنے والے شیندور پولو فیسٹیول کا آغاز امسال 7جولائی سے کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے دنیا کے بلند ترین مقام پر سجنے والے شیندور پولو فیسٹیول کا آغاز امسال 7جولائی سے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اس حوالے سے پشاور میں سیکرٹری سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امورنوجوانوان کامران الرحمان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں فیسٹیول سے قبل گراؤنڈ کی تزئین و آرائش، پانی کی سپلائی، سٹالز، ٹرانسپورٹ، سیاحوں اور وی وی آئی پیز کیلئے انتظامات، کلچرل نائٹ اور آتش بازی سمیت دیگر امور زیرغور لائے گئے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سیاحت بابر خان، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان، ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم، ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود اور چیف پلاننگ آفیسر محکمہ سیاحت آصف شہاب سمیت دیگر حکام موجود تھے۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سیاحت کامران الرحمان کو شیندور پولو فیسٹیول کے انعقاد بارے بریفنگ دی گئی اور فیسٹیول سے متعلق سہولیات جن میں پانی کی سپلائی، ملکی سطح پر فیسٹیول کی رونمائی، پمفلٹ اور براؤشرز کی چھپائی، انفراسٹرکچر، گراؤنڈ کی تزئین وآرائش و لیولنگ، پاور سپلائی جنریٹر، ٹیلیفون کنکشن، ٹرانسپورٹ، میڈیا اور سوشل میڈیا کوریج، کھانے پینے کا انتظام، سیکورٹی، لوکل ٹرانسپورٹ، سیاحوں اوروی وی آئی پیز کیلئے ٹرانسپورٹ سروسز، شام کے اوقات میں کلچرل نائٹ، آتش بازی، پیراگلائیڈنگ، چترال ڈانس اور دیگر پرفارمنس، فوڈسٹالز، چترال اور گلگت کی مقامی ثقافتی اشیاء کے سٹالز اور دیگر اہم امور زیر غورآئے اور ان تمام امور کی تکمیل اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری کامران الرحمان نے کہا کہ امسال شیندور پولو فیسٹیول 7جولائی سے منعقد ہو گا اور فائنل 9جولائی کو کھیلا جائے گا اور اس بارے باقاعدہ پمفلٹ میں شائع کیا جائے گا تاکہ سیاح اور مقامی لوگ آگاہ ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ شیندور رخ کرنے والے مقامی اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں اور گراؤنڈ پر سیاحوں اور خصوصاً خواتین کے بیٹھنے اور دیگر ضروریات کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔کامران الرحمان نے ہدایت کی ڈپٹی کمشنر تمام انتظامات کا جائزہ لیں تاکہ جو کمی کوتاہیاں گزشتہ سال ہوئی تھیں وہ پوری کی جا سکیں، سیاحوں کی رہائش کیلئے ٹینٹ ویلیج کا قیام ضروری ہے جبکہ ان کی خوراک کا بھی بندوبست کیا جائے۔سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ شیندور پولو فیسٹیول بین الاقوامی شہرت یافتہ کھیل ہے، اور امید ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کیلئے این او سی کی شرط ختم ہونے سے امسال سیاحوں کی آمد توقعات سے زیادہ ہو گی، تین روزہ فیسٹیول میں کلچرل نائٹ سمیت علاقائی ہنرمندوں کو بھی پروموٹ کیا جائے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولو فیسٹیول گزشتہ سال کی نسبت مزید احسن طریقے سے منعقد کیا جائے گا اور اس میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ چترال اپر اور لوئر، پاک فوج، چترال سکاؤٹس، پولیس ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں کا بھی تعاون حاصل رہے گا، ہماری کوشش ہے کہ امسال شندور پولو فیسٹیول میں ملکی سیاحوں کیساتھ ساتھ بین الاقوامی سیاح بھی گزشتہ سال کی نسبت زیادہ شرکت کریں تاکہ اس فیسٹیول کو کامیاب بنانے سمیت چترال میں سیاحت فروغ پا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں